کبڈی کے انٹرنیشنل کھلاڑی عابد پربانہ ٹریننگ کے دوران زخمی ہوکر انتقال کر گئے

وقت اشاعت :28جون2021

سپر لیڈ نیوز، فیصل آباد۔ کبڈی کے انٹرنیشنل کھلاڑی عابد پربانہ ٹریننگ کے دوران زخمی ہوکر انتقال کر گئے ، ایشیائی سٹائل کے کھلاڑی کی کمر کی ہڈی میں فریکچر ہوا تھا۔

سپرلیڈنیوز کے مطابق فیصل آباد  میں ایشین سٹائل  کبڈی  کے  انٹرنیشنل کھلاڑی عابد پربانہ چند روز قبل زخمی ہوئے تھے۔ دوران ٹریننگ ان کی کمرمیں فریکچر ہوا جس کے ساتھ ہی دل کی تکلیف ہوئی ۔ انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زندگی  کی بازی ہار گئے ۔ عابد پربانہ کی نماز جنازہ آبائی  گاؤں 482 گ ب میں ادا کی گئی ۔ عابد طویل عرصے سے اس کھیل سے منسلک تھے ۔ وہ  آرمی کی نیشنل کبڈی ٹیم کا حصہ بھی  رہے ۔

تدفین کے موقع پر  آرمی کے دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ کبڈی کے انٹرنیشنل کھلاڑی عابد پربانہ ٹریننگ کے دوران زخمی ہوکر انتقال کر گئے یہ خبر دیگر کھلاڑیوں پر بھی بجلی بن کر گری ۔پاکستانی فیڈریشن کے ساتھ ساتھ بھارتی کبڈی فیڈریشن نے بھی انتقال پر افسوس کا اظہارکیا۔ ترجمان نے اچانک موت کوکبڈی کے کھیل کےلئے دھچکا قرار دیا۔

دوسری جانب عابد کے اہلخانہ نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ کے دوران ہی معلوم ہوا کہ عابد اچانک گر گیا ہے ۔ اس حادثے پر اہل علاقہ بھی افسردہ دکھائی دیئے۔