SUPER FEATURE

کرکٹ میں "بلیک لائیوز میٹرز ” کی جیت

رپورٹ : شازیہ بھٹی

کورونا کے دور میں کرکٹ کے میدان آباد ہونا معمولی خبر نہیں ۔ لیکن اس سے بڑی خبر یہ ہے کہ  چار ماہ بعد ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے  انگلینڈ کی ٹیم کو دھول چٹا دی ہے ۔

تاریخی ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر انگلش کھلاڑیوں کے بلند و بانگ دعوے بھی ڈھیر کر دیئے ۔  سنسنی سے بھرپور ٹیسٹ میچ کے آخری دن ویسٹ انڈیز نے 200 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ساؤتھ ہیمپٹن  کے میدان میں تماشائی تو نہیں تھے مگر کھلاڑیوں کی اپنی آوازیں سٹیڈیم کی خالی کرسیوں سے  ٹکرا کر واپس میدان میں کودتی رہیں ۔   میچ کے فیصلہ کن روز ایکشن بھی دیکھنے میں آیا ۔

سیریز کا دوسرا میچ 16 جولائی سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا

ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ شروع کی تو اوپنر جان کیمبل پاؤں پر چوٹ لگنے کی وجہ سے ریٹائر ڈ ہرٹ ہو کر پویلین جا بیٹھے ۔ کچھ اوورز بعد ہی ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر بلے باز فلاپ  ہوتے نظر آئے اور 27 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں جس کے بعد سٹیڈیم میں  موجود  عملہ بھی چوکنا ہوگیا۔

ایسے میں جرمین بلیک ووڈ کی شاندار نصف سنچری ویسٹ انڈیز کو میچ میں واپس لے آئی اور ایسا لائی کہ  ٹیم فتح کے قریب دھیرے دھیرے بڑھنے لگی ۔  جرمین نے 95رنز کی اننگز کھیلی ۔ سنچری تو نہ بنا سکے مگر بعد میں آنے والے کھلاڑیوں کے لئے ٹارگٹ آسان بنا گئے ۔

یوں ویسٹ انڈیز نے 200 رنز کا ہدف آخری سیشن میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کپتان جیسن ہولڈر 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔  انگلینڈ کی طرف سے جوفرا آرچر نے 3 جبکہ بین سٹوکس نے 2 شکار کیے۔جیت کے بعد  ویسٹ انڈیز نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 40 پوائنٹس بھی حاصل کرلئے ہیں ۔ سیریز کا دوسرا میچ 16 جولائی سے مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button