ثاقب نثار کا ڈیم فنڈ موجودہ حکومت کے ریڈار میں آگیا، بحریہ ٹاؤن سے ریکور رقم بھی سپریم کورٹ سے واپس لینے کا  مطالبہ زور پکڑنے لگا

وقت اشاعت :18جون2022

ندیم چشتی، بیورو چیف ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ ثاقب نثار کا ڈیم فنڈ موجودہ حکومت کے ریڈار میں آگیا، بحریہ ٹاؤن سے ریکور رقم بھی سپریم کورٹ سے واپس لینے کا  مطالبہ زور پکڑنے لگا

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق ماضی میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کا ڈیم فنڈ موجودہ حکومت کے زیر عتاب آگیا ۔ سلیم مانڈوی والا کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ  کے اجلاس میں گرما گرم بحث ہوئی ۔ سینیٹر  سعدیہ عباسی  نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈپر اعتراض عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر  یا ڈیمز کے منصوبے بنانا حکومت کا کام ہے ، سپریم کورٹ کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو یہ اختیار ہر گز نہیں ہے کہ ایسے  منصوبوں پر کام شروع کروا دے ۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے ریکور شدہ اربوں روپے بھی سپریم کورٹ کے پاس ہیں ۔ یہ رقم سرکاری خزانے میں آنی چاہیے ۔ سینیٹر طلحہ محمودنے کہا کہ قانون کے مطابق یہ پیسہ حکومتی خزانے میں فوری آنا چاہیے تھا۔ ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہنا ہوگا۔ اس موقع پر  چیئرمین سلیم مانڈوی والا  بولے بجٹ کا عمل ختم ہو جائے تو اس پر دوبارہ بات کریں گے۔کمیٹی نے وزارت اقتصادی امور حکام کوآئندہ اجلاس میں طلب کرلیا جس میں مذکورہ ایشوز زیر غور لائے جائیں گے ۔