امارت اسلامیہ کے اسلامی انقلاب کے نعرے ڈھیر؟ طالبان نے امریکا سے بھی امداد مانگ لی، بڑا دل کرنے کامشورہ

وقت اشاعت :15ستمبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کابل ۔ امارت اسلامیہ کے اسلامی انقلاب کے نعرے ڈھیر، طالبان نے امریکا سے بھی امداد مانگ لی، بڑا دل کرنے کامشورہ بھی دے دیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نےکہا ہے کہ  ہمارے ملک کو امداد کی ضرورت ہے ۔ امارت اسلامیہ بحران کا شکار ہو سکتی ہے ۔ دنیا کو افغان عوام کا خیال کرنا ہوگا۔ افغان عبوری وزیر خارجہ سے کابل میں پاکستانی سفیر منصور علی خان نے ملاقات کی اور عالمی امداد کے حوالے سے پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر طالبان وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امداد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ انہوں نے چین کی تعریف کی اور کہا کہ چینی حکومت نے ہمیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا۔ امریکا کےحوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کو بھی چاہیے کہ وہ نئی حکومت کی مدد کرے تاکہ افغان عوام کو سہارا دیا جا سکے ۔ امریکا بڑا ملک ہے ، اس سلسلے میں امریکا کو بھی دل بڑا کرنا ہوگا۔ اس سے پہلے طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین بھی عالمی امداد کا مطالبہ کر چکے ہیں ۔ انہوں نے بھی امریکا سے امداد کا مطالبہ کیا جس سے یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ طالبان کیسے اپنے دشمن ممالک سے بھی امداد مانگ رہے ہیں۔ کیا اسلامی انقلاب کے نعرے کھوکھلے تھے یا امریکی امداد قبول کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ؟