جاپانی شہروں میں بارشوں کے بعد زمین سرکنے کے واقعات سے ارضیاتی ماہرین میں تشویش

وقت اشاعت :4جولائی2021

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ جاپانی شہروں میں بارشوں کے بعد زمین سرکنے کے واقعات سے  ارضیاتی ماہرین میں تشویش  بڑھ گئی ہے ۔ جاپانی شہر آتامی میں لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں گھر ملیا میٹ ہو گئے ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق جاپان میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے ۔ حالیہ واقعات میں 12افراد ہلاک جبکہ 20 لاپتہ ہیں ۔  شدید بارش کی وجہ سے  جاپان کے صوبوں  شیزوکا،کناگاوا اور  شیبا  میں نشیبی علاقوں میں سیلاب آگیا ہے ۔ چھوٹے ندی نالے دریا کی صورت اختیار کر گئے ۔ کئی مکان سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر بہہ گئے  جبکہ سینکڑوں کو نقصان پہنچا۔ جاپانی شہروں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے ۔ متعدد علاقوں  میں دو روز سے بجلی غائب ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ تمام تر صورتحال  میں   لینڈ سلائیڈنگ  نے مرکزی حکومت اور انتظامیہ کو بھی پریشان کر دیا ہے ۔

  جاپان میں بارشوں کے موسم میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی کیفیت معمول ہے  مگر حالیہ سیزن  نے ارضیاتی ماہرین  کو بھی چکرا کر رکھ دیا ہے ۔ صوبے کناگاوا میں  زمین سب سے زیادہ سرک رہی ہے ۔

ماہرین کا خیال ہے کہ بعض مقامات پر بہت زیادہ زیر زمین خلا ہے جو ایسے حادثات کو طول دیتی رہے گی ۔ شیبا کے قصبوں میں پہاڑی مقامات بھی  بارشوں کے سیزن میں بڑی آفات کا سبب بنتے ہیں ۔ ایسے میں قومی سطح پر مربوط پالیسی پر کام شروع ہو گیا ہے  ۔

جاپانی شہروں میں بارشوں کے بعد زمین سرکنے کے واقعات سے ارضیاتی ماہرین میں تشویش کے بعد جاپانی وزیراعظم نے  ایک ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے، جو متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہےجبکہ ایک خصوصی سیل ارضیاتی خطرات پر کام کر رہا ہے ۔