قانون شکن ڈرائیورنے پہلے موٹر سائیکل سوار کی جان لی پھر اپنی 6کروڑ کی رینج روورجلا بیٹھا

وقت اشاعت :6جون2021

سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ قانون شکن ڈرائیورنے پہلے موٹر سائیکل سوار کی جان لی پھر اپنی 6کروڑ کی رینج روور جلا بیٹھا، انوکھا واقعہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔

سپر لیڈ نیوز لاہور کے نمائندے کے مطابق یہ واقعہ  ہفتے کی صبح گیارہ بجے کے قریب پیش آیا۔ بگڑے امیر زادے نے تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے برکت مارکیٹ کے قریب اپنی رینج روور سے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا۔ کینال روڈ پر ملزم گاڑی بھگاتا رہا اور اس کے بعد گلبرگ انڈر پاس پر بھی ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی ۔

موٹر سائیکل سوار نیچے اترا اور اس دوران ڈرائیور نے ایک مرتبہ پھر گاڑی بھگانے کی کوشش کی تاہم اس دوران اس کی گاڑی انڈرپاس کی دیوار سے جا ٹکرائی جبکہ ایک راہگیر موٹر سائیکل سوار نیچے آگیا۔ راہیگیروں نے اسے کار سوار کو دھر لیا تاہم اس نے موقع ملتے ہی گاڑی پھر دوڑا دی تاہم اس دوران موٹر سائیکل کا وہیل رینج روور کے ٹائر رم میں پھنس گیا۔

ڈرائیور حمزہ  نے گاڑی بھگا دی اور یوں موٹر سائیکل گاڑی کے ٹائر میں ہی پھنسی رہ گئی ۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ دور جا کر کار کے ٹائر میں اٹکی موٹر سائیکل کی پٹرول ٹینکی دھماکے سے پھٹ گئی اور رینج روور میں بھی آگ بھڑک اٹھی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی جل کر خاکستر ہو گئی ۔ پولیس نے ملزم حمزہ کے مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا ۔

تھانہ فردوس مارکیٹ پولیس نے سپر لیڈ نیوز کو بتایا کہ ملزم بیانات بدل رہا ہے تاہم قانون حرکت میں آئے گا ۔ قانون شکن کو کئے کی سزا بھگتنا ہوگی ۔ سپر لیڈ نیوز ذرائع کے مطابق ملزم حمزہ کا تعلق با اثر گھرانے سے ہے ۔