کراچی میں بھارتی کورونا ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 100 فیصد تک پہنچ گئی

وقت اشاعت :22جولائی2021

قاسم چوہان ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ۔ کراچی میں بھارتی کورونا ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 100 فیصد تک پہنچ  گئی،ملک میں مجموعی شرح چھ فیصد تک جا پہنچی ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان  میں کورونا کی بھارتی قسم نےجال پھیلا دیا ہے ۔ کیسز کی شرح بڑھ رہی ہے ۔ بالخصوص کراچی کی صورتحال زیادہ خراب ہے ۔ کراچی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی کے مطابق گزشتہ روز 80 نمونوں کی جینو ٹائپنگ کی گئی ۔ وہ تمام کیس ڈیلٹا ویرینٹ نکلے۔

وفاقی وزارت صحت کےحکام کے مطابق ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد ہو گئی ہے ۔ ایک دن میں چالیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ۔   کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 16.46 تک پہنچ گئی ہے جو کہ خطرے کی گھنٹی ہے ۔ اسی  طرح لاہور میں بھی کورونا کیسز کی شرح ساڑھے 6 فیصد تک رہی جبکہ گزشتہ ہفتے یہی شرح دو فیصد پر آگئی تھی۔

کراچی میں بھارتی کورونا ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 100 فیصد تک پہنچ گئی ،جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے شہر میں مزید پابندیوں کا عندیہ دیا ہے ۔ ادھر سندھ کی وزارت صحت نے شہریوں سے ایس اوپیز کی پاسداری یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔ اس ضمن میں انتظامیہ کو پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے ۔

واپس مرکزی صفحے پر جائیں