ق لیگ میں پھوٹ پڑ گئی ،  پرویز الہیٰ اور مونس حکومت کے ساتھ چلنے کے خواہاں، شجاعت اپوزیشن کے حامی، طارق بشیر چیمہ کا استعفیٰ ،عمران خان کے خلاف ووٹ کا اعلان

وقت اشاعت :29مارچ2022

ندیم چشتی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ ق لیگ میں پھوٹ پڑ گئی ، پرویز الہیٰ اور مونس حکومت کے ساتھ چلنے کے خواہاں، شجاعت اپوزیشن کے حامی، طارق بشیر چیمہ کا استعفیٰ ،عمران خان کے خلاف ووٹ کا اعلان سامنے آگیا۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق تحریک عدم اعتماد  پر ووٹنگ سے پہلے ہی ملکی سیاست میں بھونچال آگیا۔ ق لیگ میں وزارت اعلیٰ کے معاملے پر پھوٹ پڑ گئی ۔ پرویز الہیٰ  مونس الہیٰ کو لے کر  بنی گالہ جا پہنچے اور وزیراعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی ۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات مونس الہیٰ کے اصرار پر ہوئی  جس پر چودھری شجاعت کو اعتراض تھا۔ حکومتی وفد اس سے پہلے ق لیگ سے ملاقات کے لئے آیا مگر شجاعت نے ملاقات نہ کی ۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ چودھری شجاعت نے پرویز الہیٰ کو حکومت کی طرف سے وزارت اعلیٰ قبول کرنے کو غلط فیصلہ قرار دیا ہے ۔

دوسری جانب  وزیر مملکت فرخ حبیب نے ٹویٹ کیا کہ پرویز الہیٰ کو عمران خان نے وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا ہے ۔ اس حوالے سے  مونس الہیٰ نے بھی کہا کہ پرویز الہیٰ نے وزیراعلیٰ بننے کی حکومتی پیشکش قبول کرلی ہے ۔ تمام معاملات طے پا گئے ہیں ۔ پرویز الہیٰ کےحکومت کے ساتھ چلنے کے فیصلے کے بعد طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم کی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا اور عمران خان کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔ اس طرح ق لیگ میں تقسیم واضح ہو گئی ۔ آئندہ 24گھنٹے میں مزید اہم فیصلےمتوقع ہیں ۔