وزیراعلیٰ محمودخان کی وفاق کےخلاف خیبرپختونخواکی فورس استعمال کرنےکی دھمکی

وقت اشاعت :31مئی2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، پشاور۔ وزیراعلیٰ محمودخان کی وفاق کےخلاف خیبرپختونخواکی فورس استعمال کرنےکی دھمکی ، عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہنے کا عزم بھی ظاہرکر دیا۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ملک میں تصادم کی سیاست بڑھ رہی ہے ۔ تازہ ترین  غیر ذمہ دارانہ بیان وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے سامنے آیا ہے جس سے وفاق اور صوبے کی لڑائی کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ پشاور میں وکلا کنونشن سے خطاب میں وزیراعلیٰ کے پی نے کہا خان صاحب نے دوبارہ  احتجاج کی کال دی تو خیبرپختونخواکی فورس  کو بھرپور طریقے سے استعمال کروں گا۔لانگ مارچ کے دوران جو ہمارے ساتھ ہواہے،اس کابدلہ ضرورلیں گے۔سپریم کورٹ سے رجوع کررہے ہیں،زخمی اور شہیدورکرز کاپرچہ راناثناءاللہ کے خلاف کٹوائیں گے ۔امپورٹڈ حکومت کے خلاف ہر قانونی آپشن استعمال کریں گے ۔ ان کو سبق سکھانے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پر امن مارچ پر لاٹھیاں برسائی گئیں مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ اب ضرورت پڑنے پر صوبے کی فورس بھی میدان میں اتاری جائے گی ۔ دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے تاہم یہ ناقابل عمل بھی ہے ۔ کسی بھی صوبے کی فورس وفاقی فورس کے خلاف میدان میں اترنے کا حکم مان ہی نہیں سکتی ۔