مردان میں تحریک انصاف کی ریلی کے دوران مشتعل ہجوم نے توہین رسالت کے نام پر شہری کو قتل کردیا

وقت اشاعت :7مئی2023

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، مردان ۔ مردان میں تحریک انصاف کی ریلی کے دوران مشتعل ہجوم نے توہین رسالت کے نام پر شہری کو قتل کردیا، لاش کی بھی بے حرمتی کی گئی ۔

 دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق مردان کے علاقے جبر میں تحریک انصاف کی ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کارکنوں نے عمران خان کے حق میں  نعرے لگائے اور ان کے حق میں تقاریر کیں ۔ اس دوران نگار علی نامی شخص نے سٹیج پر تقریر شروع کی اور یونین کونسل ناظم سعید خٹک کے حوالے سے کچھ کلمات ادا کئےجس پر موقع پر موجود ایک اور  مولانا نے ان سے مائیک چھین لیا ۔

ذرائع کے مطابق  نگار علی  نامی شخص پر الزام لگایا گیا  کہ  انہوں نے عمران خان کی تعریف کے دوران انہیں نبی بھی قرار دیا ۔ اگرچہ اس جملے کی تصدیق نہیں ہوسکی مگر مدرسے کے مولانا کے کہنے پر موقع پر موجود شہریوں نے نگار علی پر تشدد شروع کر دیا۔

نگار علی کو بچانے کےلئے دکان میں لے جایا گیا مگر ہجوم وہاں بھی گھس آیا

بعض عینی شاہدین کے مطابق مولانا نے اعلان کیا کہ نگار علی توہین رسالت کا مرتکب ہوا ہے ۔ اس دوران بعض شہریوں نے  نگار علی کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی بھی کوشش کی اور اسے زخمی حالت میں پکڑ کر ایک دکان کے اندر لے گئے مگر مشتعل افراد نے اسے دکان سے بھی باہر نکال کر تشددکا نشانہ بنایا۔ اس دوران مولوی نگار علی کی موت واقع ہو گئی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نگار علی کے حوالے سے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں ۔ پولیس نے  موقع پر پہنچ کر لاش کی بے حرمتی نہیں ہونے دی تاہم ذرائع کے مطابق مشتعل ہجوم نے لاش کی بھی بے حرمتی کی ہے ۔ دوسری جانب وزیرا علیٰ کے پی نے کہا ہے کہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا شہریوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ علما امن کے لئے کردار ادا کریں