دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، کراچی ۔ شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز چھ میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے اور حمیرا اصغر کے زیر استعمال موبائل فون اور لیپ ٹاپ ڈی کوڈ کرنے کی خبر دی ہے ۔ دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے ذرائع کے مطابق پولیس کو کمرے میں موجود ایک ڈائری پر سارے پاسورڈ لکھے ہوئے ملے ہیں جس کی مدد سے حمیرا کا ایک موبائل فون کھول لیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کا لیپ ٹاپ بھی ڈی کوڈ کیا جس سے اہم معلومات ملنے کا بتایا گیا ہے ۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزورعلی نے ایس پی کلفٹن عمران علی جاگرانی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جو یہ تعین کرے گی کہ حمیرا کی موت کس طرح ہوئی ۔ کیا یہ قتل تھا یا خود کشی ۔ تفتیشی ٹیم نے حمیرا کے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ تک رسائی کے بعد کوئی بیان نہیں جاری کیا تاہم میڈیا میں اس حوالے سے مختلف اندازے لگائے جارہےہیں اور مختلف خبریں جاری کی جارہی ہیں۔ پولیس نے مرحومہ کے رہائشی پروجیکٹ کے چوکیدار اور صفائی ستھرائی کا کام کرنے والے سمیت دیگر متعلقہ افراد کو بھی پوچھ گچھ کےلیے طلب کر لیا ہے ۔




