اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ کی متضاد اطلاعات ، سیکٹر ای 11ڈوب گیا، ماں بیٹا جاں بحق

وقت اشاعت :28جولائی2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ اسلام آباد میں کلاؤڈ برسٹ کی متضاد اطلاعات ، سیکٹر ای 11ڈوب گیا، ماں بیٹا جاں بحق  ، انتظامیہ اور محکمہ موسمیات کے بیانات میں تضاد واضح ہوگیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کےمطابق اسلام آباد میں اچانک پانی کے ریلے نے ہر طرف تباہی مچا دی ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا ۔ یہ بادل منگل اوربدھ کی درمیانی شب پھٹا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے انتظامیہ کے دعوے کی نفی کر دی۔  میٹ آفس کے مطابق کوئی کلاؤڈ برسٹ نہیں ہوا۔ شہر میں مجموعی طور پر 300ملی میٹر بارش ہوئی۔ ایسے میں یقینی طور پر نکاسی آب کے ناقص انتظام کا حامل علاقہ ڈوب گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سید پور میں 123ملی  میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ مسلسل بارش کے باعث نالہ اوور فلو ہو گیا

طوفانی بارش کے باعث سیکٹر ای الیون کی ہاؤسنگ سوسائٹی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ۔ فوٹو کریڈٹ :ڈان نیوز

سیکٹر ای 11تباہی کی داستان سنانے لگا

دی سپر  لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق سب سے زیادہ سیکٹر ای الیون متاثر ہوا جہاں پانی کے ریلے نے املاک کو نقصان پہنچایا۔گاڑیاں پانی میں تیرتی رہیں ، موٹر سائیکلیں بھی بہہ کر دور جا نکلیں ۔ پانی کا ریلا اس قدر اچانک آیا کہ لوگوں کو سنبھلنے کا بھی موقع نہ ملا۔ سیکٹر میں گھروں کے تہ خانوں میں پانی داخل ہوگیا۔ ماں بیٹا پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ۔ ماں نے مرنے سے پہلے ایک بچے کو بچا لیا مگر دوسرے کو بچاتے ہوئے خود بھی چل بسی ۔

دوسری جانب   شہر بھر میں بارش کے بعد کئی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔   زیادہ تر سیکٹرز میں پانی کی نکاسی کےلئے انتظامیہ متحرک رہی  صرف ای الیون کی صورتحال ابتر رہی ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ای الیون کے زیادہ گھروں کے تہ خانوں  میں پانی بھرا ہے ۔ علاقے میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سیلابی ریلا  نالہ اوورفلو ہونے سے آیا۔