مختصر بریک کے بعد پی ڈی ایم کا کراچی میں کامیاب سیاسی پاور شو

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام، کراچی ۔ مختصر بریک کے بعد پی ڈی ایم کا  کراچی میں کامیاب سیاسی پاور شو، قائدین نےحکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق کراچی میں پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کے بغیر کامیاب پاور شو کیا ہے ۔ جلسے میں پہلے مقامی رہنماؤں نے تقاریر کیں پھر مرکزی قائدین نے کارکنوں کا لہو گرمایا۔

شہبازشریف نے کہا بنی گالہ میں بیٹھے شخص کو کیا معلوم غربت کیا ہوتی ہے۔ کیا چینی سستی ہوئی ؟ کیا حکومت  نے عوام کو روٹی کے  لئے سستا آٹا دیا۔ عمران خان جھوٹے آدمی ہیں ۔  یہ تو اپنے گھر سے وزیراعظم ہاؤس ہیلی کاپٹر میں جاتے ہیں۔ عمران خان ریاست مدینہ کی باتیں نہ کریں ۔ ساڑھے تین سو کنال کے بنی گالہ ہاؤس میں بیٹھ کر غریب کا احساس کیسے کر سکتے ہیں ؟بنی گالہ کا مکین ریاست مدینہ کے خواب  دکھا رہا ہے ۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کراچی کے لئے گیارہ سو ارب کے منصوبوں کا اعلان کر کے گئے۔سند ھ کے عوام پوچھتے ہیں کہاں ہیں وہ منصوبے ؟ ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ۔

سلیکٹڈ حکومت نے پاکستان کو تنہا کر دیا، مولانا فضل الرحمان

جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا  سلیکٹڈ حکومت نے عوام سے روٹی چھین لی ۔ پاکستان کے مسائل انتہا کو پہنچ چکے ہیں اور یہ نا اہل حکومت جشن مناتی رہی ۔ جھوٹ بولنے میں ماہر حکومت عوام کو تین سال سے اذیت دے رہی ہے ۔جعلی حکمرانوں نے پاکستان کو غیر محفوظ ملک بنا دیا۔ سفارتی سطح پر تنہا کر دیا گیا۔ عمران خان سلیکٹڈ ہیں ۔ پوری قوم ان سے نجات چاہتی ہے ۔ دنیا آگے  جارہی  ہے جبکہ پاکستان پیچھے کو جارہا ہے ۔ یہ سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہیں امریکا کو اڈے نہیں دیں گے ۔ کوئی ان سے پوچھے آپ سے اڈے مانگے کس نے ہیں ؟ آپ کا تو امریکی صدر فون نہیں اٹھاتے نہ آپ کو اس قابل سمجھتے ہیں ۔ آپ نے ملک کی عزت داؤ پر لگا رکھی ہے ۔