جنسی زیادتی میں ناکامی ، لاہور کے سکیورٹی گارڈ نے پی سی ہوٹل کی ملازمہ قتل کر ڈالی

وقت اشاعت :29نومبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ جنسی زیادتی میں ناکامی ، لاہور کے سکیورٹی گارڈ نے پی سی ہوٹل کی ملازمہ قتل کر ڈالی، ملزم گرفتار کرلیا گیا ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق لاہور میں جنسی جرائم کا گراف نیچے نہ آسکا۔ ایک اور لرزہ خیز واردات میں لڑکی کی جان چلی گئی ۔ نیہا ارشد لاہور کے فائیو سٹار پی سی ہوٹل میں سٹاف ممبر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دے  رہی تھیں ۔

نیہا ارشد کا تعلق مسیحی برادری سے تھا جبکہ عمر محض 21برس تھی۔
فوٹو کریڈٹ دی سپر لیڈ ڈاٹ کام

وہ لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں ایک گھر کے سرونٹ کوارٹرز میں رہائش پذیر تھیں جبکہ ان کی والدہ بھی ان کے ساتھ ہی رہتی تھیں اور اسی گھر میں ملازمہ تھی ۔مقتول نیہا کےبہنوئی  نے درج مقدمے میں بطور مدعی موقف اختیار کیا ہے کہ گارڈ محمد عارف بھی اسی سرونٹ کوارٹر میں رہائش پذیر تھا۔

وقوعہ کے روز نیہا ہوٹل سے رات ساڑھے گیارہ بجے ڈیوٹی ختم کر کے گھر پہنچی تو تاک میں لگے گارڈ عارف نے اسے دبوچ لیا۔ اس دوران اس نے نیہا کو اپنے ساتھ کمرے میں لے جانے کی کوشش کی اور ناکامی پر گردن  میں گولی مار دی ۔ ملزم اس کے بعد فرار ہوگیا تاہم رات گئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ ملزم نے اقبال جرم کرلیا اور کہا کہ وہ نیہا کو پسند کرتا تھا انکار پر اسے قتل کیا۔ نیہا ارشد کا تعلق مسیحی برادری سے تھا جبکہ ملزم گارڈ مسلمان تھا۔