ملتان سلطانز بن گئے پی ایس ایل کے بھی سلطان

وقت اشاعت :25جون2021

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ ملتان سلطانز بن گئے پی ایس ایل کے بھی سلطان ،ملتان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پشاور زلمی کو فائنل میں ہرا دیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق ایونٹ کا فائنل ابوظہبی سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ملتان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔  فائنل میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان   کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔یہ دعوت اس وقت گلے پڑ گئی جب ملتان سلطانز کے بلے باز بے دردی سے چوکوں ، چھکوں پر اتر آئے ۔

 صہیب مقصود نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری داغی ۔ انہوں نے 35گیندوں کا سامنا کر کے 65 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔ قسمت کی دیوی کچھ اس طرح مہربان ہوئی کہ یہ جارحانہ کھیل دیکھ کر انہیں انگلینڈ کےخلاف سکواڈ کا بھی حصہ بنا دیا گیا۔

روسو کی برق رفتار نصف سنچری

رائیلی روسونے بھی صرف 21 گیندوں پر 50 رنز جڑ دیئے اور زلمی کے بالروں کی خوب درگت بنا کر سکور کو 206رنز تک پہنچانےمیں مدد دی ۔ شان مسعود نے 37 اور محمد رضوان نے 30 رنز بنائے۔ جواب میں زلمی نے جارحانہ آغاز کیا مگر ملتان سلطانز کے بالروں کی نپی تلی باؤلنگ نے راستہ روک لیا ۔ زلمی کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حضرت اللہ تھے جو صرف 6رنز بنا سکے ۔ کامران اکمل نے 36 رنز بنائے ۔ مشکل وقت میں جوناتھن ویلز6رنزبناکرٹیم کو مشکل میں ڈال گئے ۔

اس موقع پر شعیب ملک نے جارحانہ اننگز کھیلی اور رومین پاؤل کے ساتھ اسکوربورڈ کو متحرک رکھا رومین پاؤل 23 رنزبناکر پویلین جا بیٹھے اس کے ساتھ ہی ملک بھی 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 48 رنز جڑ کر آؤٹ ہو گئے ۔ اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔ یوں زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 159رنز ہی بنا سکی ۔