عامر سمجھ لیں ، پاپا مکی آرتھر آپ کو ہمیشہ نہیں بچا سکتے ، شعیب اختر

وقت اشاعت :29مئی2021

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ راولپنڈی ایکسپریس نے فاسٹ بالر محمد عامر کے رویے پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا عامر سمجھ لیں ، پاپا مکی آرتھر آپ کو ہمیشہ نہیں بچا سکتے ۔

سپر لیڈ نیوز سپورٹس ڈیسک کے مطابق شعیب اختر نے یہ طنزیہ گفتگو ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عامر کو ہر طرح کی مینجمنٹ کےساتھ کھیلنا چاہیے ۔ انہیں اب بڑا ہو جانا چاہیے ۔ ماضی میں مکی آرتھر نے انہیں بہت سپورٹ کیا مگر اب پاپا مکی آرتھر ساتھ نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھے برے دن آتے رہتے ہیں ۔ کرکٹر کو ہر طرح کے حالات کے لئے تیار رہنا چاہیے ۔

سابق فاسٹ باؤلر نے گفتگو کے دوران محمد حفیظ کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  محمد حفیظ بھی مینجمنٹ کی مخالفت برداشت کرتے رہے مگر انہوں نے پھر بھی ٹیم میں جگہ بنائی اور پرفارم  کرکے مخالفین کے منہ بند کئے ۔ عامر کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے تھا۔ دوسری جانب شعیب اختر کی جانب سے مکی آرتھر کے لئے پاپا کا لفظ استعمال کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔