بڑھتی تنقید کے بعد وزرا کی آئی ایس آئی کے حق میں وضاحتیں

وقت اشاعت :30مئی2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ بڑھتی تنقید کے بعد وزرا  کی آئی ایس آئی کے حق میں وضاحتیں  ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری وزارت اور آئی ایس آئی کارابطہ ہوا ہے ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق صحافی اسد طور پر حملے کے حوالے سے  ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے الزامات کے بعد فواد چودھری ادارے کے حق میں میدان میں اتر آئے ۔ وزیراطلاعات نے کہا ان کی وزارت اور آئی ایس آئی میں صحافی اسد طور پر تشدد کے معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ آئی ایس آئی نے صحافی اسد علی طور پر مبینہ تشدد کے عمل سے مکمل لاتعلقی ظاہر کی ہے ۔فواد چودھری نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت آئی ایس آئی کو ففتھ جنریشن وار فیئر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔  

آئی ایس آئی سمجھتی ہے کہ جب سی سی ٹی وی میں ملزموں  کی شکلیں واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہیں تو پھر تفتیش آگے بڑھنی چاہئے۔ ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔ آئی ایس آئی تفتیشی اداروں سے مکمل تعاون کرے گی۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی آئی ایس آئی کے حق میں بیان دیا اور کہا کہ اسد طور پر حملے کے ملزموں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے ۔  بلاوجہ ایجنسیوں کو بدنام کرنے سے گریز کیا جائے ۔ واضح رہے کہ اسد طور پر گھر میں گھس کر نامعلوم افراد نے تشدد کیا تھا۔