طالبان نے چین سے امیدیں لگا لیں ، سی پیک کا روٹ نکالنے کی بھی پیشکش

وقت اشاعت :7ستمبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام، واشنگٹن ڈی سی ۔ طالبان نے چین سے امیدیں لگا لیں ، سی پیک کا روٹ نکالنے کی بھی پیشکش کر کے سب کو حیران کر دیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق طالبان کی نئی حکومت نے چین سے امیدیں لگا رکھی ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چینی سفیر نے  طالبان قیادت سے ایک ہفتے میں دو مرتبہ ملاقات کی ہے اور منصوبوں اور سرمایہ کاری پر بات کی ہے ۔ اس موقع پر طالبان نے چین کو سی پیک کا روٹ افغان علاقے سے نکالنے کی پیش کش کر دی ہے جس پر سب حیران ہیں ۔

 طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد  نے کہا کہ وہ چین کو سی پیک افغان علاقے سے گزارنے کی دعوت دیتے ہیں۔ ہم چین کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ تعلقات کا فروغ اور سرمایہ کاری چاہتے ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ چین کو ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی ۔ چینی سرمایہ کار آئیں اور معدنیات تلاش کریں ۔

انہوں نے کہا کہ چین اور روس سے ہمارا مضبوط تعلق ہو گا۔ چین ہماری حکومت کو فوری تسلیم کرے جبکہ روس بھی ایک قدم آگے بڑھے ۔ واضح رہے کہ طالبان کا سیاسی دفتر سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے متحرک ہو چکا ہے ۔ طالبان رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ چین مشکل وقت میں طالبان کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔