راولپنڈی میں رقاصہ  غیرت کے نام پر قتل  کر دی گئی

وقت اشاعت :7فروری2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، راولپنڈی ۔ راولپنڈی میں رقاصہ  غیرت کے نام پر قتل  کر دی گئی، بسمہ کو گھر  میں گھس کر گولیاں مار دی گئیں ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں مسلح شخص نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر کے لڑکی کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ بسمہ رقاصہ تھی اور اس کا آبائی علاقہ ملتان تھا۔ ملزم حمزہ مقتولہ کا دوست تھا اور اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ دونوں میں طویل عرصے سے تعلقات تھے ۔ ملزم حمزہ بسمہ کے ساتھ پارٹیوں پر بھی جاتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کےمطابق ملزم کچھ عرصے سے شادی کے لئے دباؤ ڈال رہا تھا جبکہ رقص کا پیشہ چھوڑنے کا بھی کہہ رہا تھا۔ اتوار کے روز صبح کے وقت دونوں کی تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد حمزہ گھر سے چلا گیا تاہم کچھ دیر بعد واپس آیا اور بسمہ کے کمرے میں  گھس کر گولیاں مار دیں جس سے بسمہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے  تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔ جلد اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔ ادھر ملتان میں بسمہ کے اہل خانہ نے پہلے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا پھر ملزم کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرتے ہوئے مقدمہ درج کرا دیا اور پولیس کو تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔