ابصار عالم کو گولی مارنے والے کون تھے ؟

وقت اشاعت :21اپریل،2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ ابصار عالم  کو گولی مارنے والے کون تھے ؟ اسلام آباد کے ایف الیون پارک میں چہل قدمی کے دوران موٹر سائیکل سواروں نے سابق چیئرمین پیمرا پر قاتلانہ حملہ کیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق  گولی ابصار عالم کے پیٹ کو چھو کر گزر گئی ۔ وہ ایف الیون  پارک میں  چہل قدمی کر  رہے تھے  کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزموں کی تلاش شروع کر دی تاہم کوئی سراغ نہیں ملا۔ ایف الیون پار ک کے قریب سیف سٹی کیمرے بھی موجود ہیں لیکن پھر بھی ملزموں کی موٹر سائیکل کاکوئی سراغ نہیں مل سکا جس سے معاملہ مشکوک ہوتا جارہا ہے ۔

اس حوالے سے ویڈیو پیغام میں ابصار عالم  نے کہا کہ وہ چہل قدمی کر رہے تھے ،   کسی نے گولی مار دی ہے،  جو پسلیوں میں لگی ہے۔حوصلہ نہیں ہارے  اور نہ کبھی حوصلہ ہاریں گے ۔ یہ پیغام ہے  ان لوگوں کو جنہوں  نے گولی مروائی ہے۔ حوصلہ چھوڑنے والا نہیں اور نہ ان چیزوں سے ڈرنے  والےہیں ۔

 اس حوالے سے  مریم نواز نے ٹویٹ کیا اور واقعے کی مذمت کی ۔ انہوں  نے دعویٰ کیا کہ  اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کا کینسر کئی سال سے ملک کو کھار ہا ہے ۔ابصار کو اسی ظلم کا نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب  شیخ رشید نے کہا ہے کہ  حملہ آور قانون سے نہیں بچ پائیں گے ۔

ابصار عالم بے باک صحافی مانے جاتے ہیں جو سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کے سخت مخالف ہیں ۔ انیس اپریل کو ایک ایسی ہی ٹویٹ میں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا

ابصار عالم حالیہ ٹی ایل پی کے دھرنے اور حکومتی پالیسی پر بھی کڑی تنقید کرتے نظر آئے ۔

SuperLead