قیصر بنگالی کے استعفے نے دیگر معاشی ماہرین کی بھی بے چینی بڑھا دی

وقت اشاعت :1ستمبر2024

ندیم چشتی ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، اسلام آباد۔ قیصر بنگالی کے استعفے نے دیگر معاشی ماہرین کی بھی بے چینی بڑھا دی

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی رائٹ سائزنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر قیصر بنگالی نے  اچانک عہدہ چھوڑ کر دیگر معاشی تجزیہ کاروں کی بھی بے چینی بڑھا دی ہے ۔ انہوں نے استعفے کی وجوہات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی نہیں  ہو رہی ۔ بظاہر حکومت ایسا کرنا ہی نہیں چاہ رہی ۔ اس لئے دلبرداشتہ ہو کر حکومتی عہدہ چھوڑ رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کفایت شعاری ، رائٹ سائزنگ اور حکومتی اخراجات کمیٹی کے رکن بنے تھے ۔ کوشش بہت کی کہ اخراجا ت میں کمی واقع ہو جائے مگر ایسا نہ ہو سکا۔ تجاویز بھی بہت دیں مگر حکومت سنجیدہ نہیں ۔

ڈاکٹر قیصر بنگالی نے واضح کیا کہ اخراجات میں کمی کے لئے انہوں نے 17ڈویژنز ، پچاس سرکاری محکمے بند کرنے کی تجویز دی تھی  مگر حکومت اخراجات میں کمی کے لئے بڑے افسروں کو نکالنے کے بجائے چھوٹے ملازمین کو نوکری سے نکالنا شروع ہو گئی تھی ۔ محکموں میں گریڈ سترہ سے بائیس تک کے افسروں کی نوکریاں بچائی جارہی تھیں اس لئے بہتر سمجھا کہ عہدوں سے الگ ہو جایا جائے ۔دوسری جانب ڈاکٹر قیصر بنگالی کے استعفے کو دیگر معاشی ماہرین   نے درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے اخراجات میں کمی کا مطالبہ کیا ہے ۔