اس سے پہلے کہ مجھ پر حملہ ہوتامیں نے اپنے دفاع میں مندوخیل کو مارا، فردوس عاشق

وقت اشاعت :11جون2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ اس سے پہلے کہ مجھ پر حملہ ہوتا میں نے اپنے دفاع میں مندوخیل کو مارا، فردوس عاشق  کی ایک نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں سیاسی حریف کو تھپڑ مارنے کی وضاحت سامنے آگئی ۔

سپر لیڈ نیوز  کے مطابق ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں شریک فردوس عاشق اعوان کی تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے ۔ ویڈیو میں واضح ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے رکن اسمبلی  قادر  مندوخیل کو تلخ کلامی کے بعد تھپڑ رسید کر دیا۔ تھپڑ کھانے کے بعدقادر مندوخیل نے بھی فردوس عاشق اعوان کا ہاتھ پکڑ کر پیچھے دھکیل دیا۔ اس دوران اینکر پرسن جاوید چودھری بے بسی کی تصویر بنے رہے ۔ واقعے کے بعد فردوس عاشق اعوان نے ایک وضاحتی ویڈیو بیان جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ  مندوخیل نے بھی ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی ۔ وہ مجھ پر ہاتھ اٹھانا چاہتے تھے اس لئے اپنے دفاع میں ان کو تھپڑ مارا۔ نازیبا زبان کے استعمال پر قادر مندوخیل کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے ۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران قادر مندوخیل نے کہا کہ  فردوس عاشق اعوان نے جو رویہ اپنایا اس سے پورے ایوان کا سر شرم سے جھک گیا۔ یہ عمران خان کی تربیت ہے،ایک منتخب نمائندے پر حملہ کیا گیا؟رکن اسمبلی  علی محمد خان  نے جواب دیا کہ  ہم سب کو اس پر افسوس ہے ۔ کسی فرد نے ذاتی کوئی فعل کیا ہے تو میں اسے زرداری صاحب کی ٹریننگ نہیں کہوں گا۔۔  آپ ہر بات کا  عمران خان   پرکیوں الزام لگاتے ہیں؟