جارج فلائیڈ کے اہل خانہ نے 27ملین ڈالر پر خون کا سودا کرلیا

وقت اشاعت:15مارچ2021https://thesuperlead.com

عالیہ خان ، سپر لیڈ، واشنگٹن ڈی سی ۔ جارج فلائیڈ کے  اہل خانہ نے 27ملین ڈالر پر خون کا سودا کرلیا ۔ ایسے ہی تبصرے امریکی میڈیا پر گردش کر رہےہیں ۔ بعض حلقےسیاہ فام جارج فلائیڈ کےاہل خانہ کو آڑے ہاتھوں لے رہےہیں۔

امریکا میں نسل پرستی کے واقعے میں جارج فلائیڈ کی ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے ۔   پولیس نے متاثرہ اہل خانہ کے ساتھ مقدمہ طے کرنے کیلئے 27 ملین ڈالرز ادا کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

 جارج فلائیڈ خاندان کے وکیل بینجمن کرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا یہ انصاف کے سفر کی طرف پہلا قدم ہے۔ یہ معاہدہ امریکی تاریخ میں غلط موت کے مقدمے کی سماعت سے پہلے کا سب سے بڑا تصفیہ ہے۔ عدالت میں پولیس کیخلاف مقدمہ چلنا ظاہر کرتا ہے کہ امریکہ میں تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہے۔ سیاہ فام لوگوں کیخلاف امریکی پولیس کا ظلم قبول نہیں ۔ یہ وحشت اور سفاکی کی بدترین مثال ہے ۔ دوسری جانب امریکی حلقوں نے جارج کے اہل خانہ پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ خاندان نے  موت کی قیمت وصول کرلی ہے ۔ سیاہ فام افراد کی تحریک کا جنازہ نکل گیا ہے ۔

امریکی میڈیا میں زیر گردش بعض تبصروں کی رو سے بڑی رقم وصول کرنےکے فیصلے سے  سیاہ فاموں کا مسئلہ جوں کا توں ہے ۔ بہتر ہے پولیس اہلکاروں کو ہی سزا ملتی نہ کہ پیسے لے کر معاملہ ختم کیا جاتا۔ واضح رہے کہ  25 مئی کو سفید فام سابق پولیس افسر ڈیرک چوون نے سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کو گرفتار کیا تھا اور دوران حراست جارج کی ہلاکت ہونے پر سابق پولیس افسر پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جارج فلائیڈ کی موت کی وجہ سے امریکہ بھر میں ہنگامے شروع ہو گئے تھے۔