بھاری فیسوں سے تنگ باپ نے سکول کےسامنے بچوں کی کتابیں جلا دیں

وقت اشاعت :25جون2021

سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ بھاری فیسوں سے تنگ باپ نے سکول کےسامنے بچوں کی کتابیں جلا دیں ، یہ واقعہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پیش آیا ہے ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق لاہور کے پوش علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع لکاس سکول کی بھاری فیسوں سے تنگ آکر ایک شخص سکول کے باہر آیا ۔ اپنے ساتھی کی مدد سے ویڈیو بنائی جس میں کتابوں کو جلاتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ سپر لیڈ نیوز ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص ماڈل ٹاؤن کا ہی رہائشی ہے ۔ اس کے بچے اسی سکول میں عرصہ دراز سے پڑھ رہے تھے ۔ اس شخص نے کتابیں سکول کے مرکزی دروازے کے باہر گرائیں اور اس کو آگ لگا دی ۔ اس دوران وہ مسلسل سکول انتظامیہ کے خلاف بولتا رہا اور اپنی بدقسمتی بیان کرتا رہا۔

سکول انتظامیہ کا پولیس سے رابطہ

 ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکول انتظامیہ نے کوئی مداخلت نہیں کی اور اس شخص کو نہیں روکا۔ بعد ازاں معلوم ہوا ہے کہ سکول انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے اس شخص کو ٹریس کرواتے ہوئے گرفتار کرانے کی کوشش کی مگر ماڈل ٹاؤن پولیس نے موقف جاننے کے بعد مقدمہ درج نہیں کیا۔

واضح رہے کہ لکاس سکول کی فیسیں دیگر بڑے سکولوں کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ یہاں غریب شہریوں کے بچے نہیں پڑ ھ سکتے ۔ نمائندہ سپر لیڈ نیوز نے انتظامیہ سے موقف لینے کی کوشش کی تو انہوں نے بات کرنے سے انکار کردیا ، ایک گارڈ نے کہا کہ یہ ویڈیو پرانی ہے ۔

بھاری فیسوں سے تنگ باپ نے سکول کےسامنے بچوں کی کتابیں جلا دیں