وزیراعظم کی کرسی بچانے کے لئے بزدار کی قربانی ، متحدہ والوں  کی طرف سے گورنر شپ مانگنے پر عمران اسماعیل  کو بھی سیاسی قربانی کےلئے تیار رہنے کے اشارے مل گئے

وقت اشاعت :29مارچ2022

ندیم چشتی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ وزیراعظم کی کرسی بچانے کے لئے بزدار کی قربانی ، متحدہ والوں  کی طرف سے گورنر شپ مانگنے پر عمران اسماعیل  کو بھی سیاسی قربانی کےلئے تیار رہنے کے اشارے مل گئے۔

دی سپرلیڈڈاٹ کام کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو بلا کر استعفیٰ لے لیا اور وزارت اعلیٰ کا وعدہ پرویز الہیٰ سے کرلیا تاہم پھر بھی ق لیگ کی پانچ سیٹوں کی گارنٹی نہ مل سکی ۔ طارق بشیر چیمہ کے استعفے کے بعد ایک مرتبہ پھر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں کہ وزیراعظم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ تک پرویز الہیٰ کو پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہیں لینے دیں گے جبکہ دوسری جانب پرویز الہیٰ فوری پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلوانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل اے آر وائی سے گفتگو میں پرویز الہیٰ نے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے بھی مل کر چلنے کی یقین دہانی کرا دی۔ ایسے میں حکومت کی مشکلات جوں کی توں ہیں ۔

دوسری جانب شاہ محمود، پرویز خٹک ، اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم کو ایک مرتبہ پھر راضی کرنے کےلئے ملاقات کی اور وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کی پر کشش وزارت کی بھی پیشکش کر دی تاہم متحدہ  نے مزید مشاورت کا وقت مانگ لیا۔ حکومتی وفد نے کراچی سمیت سندھ بھرمیں ایم کیو ایم کے بند کئے گئے دفتر دوبارہ کھولنے کی گارنٹی دے دی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نےحکومتی  وفد کے جانے کے بعد حکومت کو سندھ کی گورنر شپ دینے کا بھی پیغام بھجوا دیا ۔ اس طرح اتحاد برقرار رکھنے کے لئے حکومت کو ایک اور وزارت کے ساتھ سندھ کی گورنر شپ بھی دینا ہوگی ۔

اپوزیشن پہلے ہی ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ دینے پر تیار ہوچکی

 واضح رہے کہ آصف زرداری تحریک عدم اعتماد کامیاب بنوانے کی صورت میں پہلے ہی مولانا اور شہباز شریف کے ساتھ مل کر سندھ کی گورنر شپ دینے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں ۔ اسی لئے متحدہ کے رہنماؤں نے حکومت سے بھی وہی آپشن پر بات کی ہے ۔ ادھر وزیراعظم آفس نے متحدہ کے نئے مطالبہ پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی بھی ملاقات ہوئی ہے جس میں متحدہ کے مطالبات پر بات چیت ہوئی ۔ ذرائع  کے مطابق حکومت بچانے کےلئے عمران خان گورنر سندھ کی بھی سیاسی قربانی دے سکتے ہیں اس سلسلے میں دو روز تک فیصلہ متوقع ہے ۔