پاکستان کی پہلی سکھ خاتون صحافی منمیت کور گرفتار

وقت اشاعت :1جون،2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ۔ پشاور۔ پاکستان کی پہلی سکھ خاتون صحافی  منمیت کور گرفتار ، پشاور پولیس نے اغوا کیس میں خاتون صحافی کو حراست میں لے لیا۔

سپر لیڈ نیوز کےمطابق پاکستان کی پہلی سکھ خاتون  صحافی کا اعزاز رکھنے والی منمیت کور  پولیس  کی تحویل میں ہیں ۔ پولیس نے پشاور  میں سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنےو الے نوجوان اویناش سنگھ کے اہل خانہ کی درخواست پر کارروائی کی ۔ سپر لیڈ نیوز کے ذرائع کے مطابق منمیت کور کے شوہر گاڑیوں کی خریدو فروخت کا کام کرتے ہیں ۔ کچھ عرصہ قبل  انہی کی کمیونٹی کے چند افراد سے ان کے جھگڑے کی خبریں سامنے آئیں ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق ایویناش سنگھ ،وجے چوہان اور حنا کور نے مبینہ طور پر صحافی منمیت کور پر مقدمہ درج کرایا۔ اس مقدمے کے بعد صحافی منمیت کور نے سپر لیڈ نیوز کو بتایا کہ انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ اسی دوران ایویناش سنگھ کی گمشدگی ہوئی جس پر منمیت کور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ منمیت کور کے اہل خانہ کے مطابق ان کا ایویناش سنگھ کی گمشدگی سے کوئی تعلق نہیں ۔ منمیت کور کے اہل خانہ نے سوشل  میڈیا پر ان کے خاندان کے خلاف کردار کشی کا جواز بنا کر ایف آئی اے سے رجوع کیا جس پر ایڈیشنل سیشن جج سید شوکت اللہ شاہ نے ایف آئی اے کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا۔

سپر لیڈ نیوز سے گفتگو میں منمیت کور کی بہن مونیکا کور نے بتایا کہ یہ مقدمہ سراسر جھوٹا ہے ۔ ایویناش سنگھ کی گمشدگی سے منمیت کور کا کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منمیت کور کی گرفتاری  سے چند روز پہلے ہی انہوں نے بیٹی کو جنم دیا۔ حاملہ ہونے کے دوران بھی وہ عدالتوں کے چکر کاٹتی رہیں ۔ یہاں تک کے گرفتاری کے بعد ان کی نومولود بچی کو جیل لے جا کر فیڈ کروانا پڑا۔ ایویناش سنگھ کہاں رہا اور کس کے پاس تھا ؟ ان کے اہل خانہ کو کچھ معلوم نہیں ۔ یہ خاندان عرصہ دراز سے دھمکیاں دے رہا اور منمیت کور کو ہراساں کر رہا ہے ۔ مونیکا کور  نے مزید کہا کہ ایک خاتون پر اس طرح کا الزام اورپھر حاملہ ہونے کے باوجود تذلیل  قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن سردار رنجیت سنگھ  نے ایوان میں ایویناش سنگھ کی گمشدگی اور بازیابی میں تاخیر کا ملبہ پولیس پر ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مرضی سے کام کرتی ہے ۔ طویل عرصے سے ان کی کمیونٹی کا نوجوان ایویناش سنگھ لاپتہ تھا مگر پولیس کوئی کارروائی نہیں کر رہی تھی ۔ اب وہ لڑکا ہوش میں نہیں اور ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ پولیس سے گزارش کی ہے کہ اس کی حالت بہتر ہونے پر بیان ریکارڈ کیا جائے ۔

نمائندہ سپر لیڈ نیوز نے ایویناش سنگھ کے اہل خانہ سے رابطے کی کوشش کی مگر ان کا موقف سامنے نہ آسکا۔