کیا عسکری قیادت نے متوازی طور پر دھرنے والوں کا مسئلہ حل کروا دیا ؟ ملین ڈالر کا سوال

وقت اشاعت :1نومبر2021

قاسم چوہان ، دی سپر لیڈ ڈاٹ  کام ، کراچی۔ کیا عسکری قیادت نے متوازی طور پر دھرنے والوں کا مسئلہ حل کروا دیا ؟ ملین ڈالر کا سوال ، آرمی چیف سے علما کی ملاقات نے سب کچھ عیاں کردیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ایک روز قبل مفتی منیب سمیت دیگر علما نے آرمی چیف سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کی آئی ایس پی آر کی جانب سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم ایک تصویر وائرل کروا دی گئی جس سے ساری کہانی واضح ہو گئی ۔ ذرائع کے مطابق علما نے آرمی چیف سے ملاقات کی اور انہیں دھرنے کی صورتحال سے آگاہ کیا ساتھ ہی وزرا کے سخت بیانات  پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

علما نے سول حکومت کی  ناتجربہ کاری کا ذکر کیا اور واضح کیا کہ اس طرح کے بیانات سے معاملہ مزید خراب ہوگا اور مذہبی جماعتیں سڑکوں پر ہی رہیں گی جس سے ملک عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے ۔ اس اہم ملاقات کے بعد مفتی منیب الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کی اور آرمی چیف سےملاقات کا ذکر کئے بغیر واضح کیا کہ وہ مذاکرات میں کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی کاوشوں سے ہی  مفتی منیب مذاکرات میں ثالث بننے کوتیار ہوئے جس کے بعد ٹی ایل پی سے معاہدہ طے پایا جس میں مفتی منیب ، شاہ محمود قریشی اور علی محمد خان کے دستخط ہیں۔