خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کا تبدیلی کا نعرہ مسترد کر دیا، بلدیاتی الیکشن میں فضل الرحمان کی جماعت وکٹری سٹینڈ پر

وقت اشاعت :21دسمبر2021

 دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، پشاور۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کا تبدیلی کا نعرہ مسترد کر دیا، بلدیاتی الیکشن میں فضل الرحمان کی جماعت آگے نکل گئی ۔

دی سپر لیڈڈاٹ کام کے مطابق خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کے نتائج سب کو حیران کر گئے ۔ پشاور سے ہی تبدیلی کا نعرہ لگا کر اپنی عملی تحریک کا آغاز کرنے والی حکمران جماعت دوسری مرتبہ عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ میئر پشاور ، بنوں ، کوہاٹ جے یو آئی کے پاس چلے گئے ۔ میئر پشاور کی سیٹ پرجے یو آئی ف کے زبیر علی 67ہزار کے قریب ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ۔ تحریک انصاف کے رضوان بنگش 50659 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر  رہے ۔ کے پی بلدیاتی الیکشن میں 5 سٹی میئرز کے لیے الیکشن شیڈول تھے مگرڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے میئر کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا جس کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی ۔ 4 سٹی کونسلز مردان، پشاور، کوہاٹ اور بنوں میں  تحریک انصاف کا صفایا ہو گیا۔

مردان میں عوامی نیشنل پارٹی کے حمایت اللہ مایار 56 ہزار 458 ووٹ لےکامیاب ٹھہرے ۔جمیعت علمائے اسلام کے امانت شاہ حقانی 49 ہزار 938 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح  کوہاٹ میں جمعیت علمائے  اسلام کے شیر زمان بھی 34 ہزار 434 ووٹ لے کر جیت گئے اور شہر کے میئر بننے کے حقدار ٹھہرے ۔

بنوں میئر کیلئے جے یو آئی کے امیدوار عرفان اللہ درانی 59 ہزار 844 ووٹ لے کرآگے نکل گئے جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون خان 47 ہزار 398 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔تحصیل کونسلز میں بھی جے یو آئی کا پلڑا بھاری رہا۔