سکول کب کھلیں گے؟حکومت اور نجی سکولز آمنے سامنے

پاکستان میں کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 580نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 14رہی ۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیسز کی تعداد گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 75فیصد کم ہو گئی ہے ۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں کورونا کی صورتحال کنٹرول میں آچکی ہے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق حکومت نے تعلیمی ادارے بدستور بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے پندرہ ستمبر کو ہی کھلیں گے۔تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز میں واضح کمی آرہی ہے تاہم جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ نقصان دہ ہو سکتا ہے ۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی کانفرنس میں مذکورہ فیصلہ سامنے آیا۔

اجلاس میں پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور حکومت کی تجویز سے اتفاق نہ کیا ۔

نجی سکولز ایسوسی ایشن نے اگست کی پندرہ تاریخ کو سکول کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔ ترجمان ایسوسی ایشن کے مطابق سکول ہر صورت پندرہ کو ہی کھلیں گے ۔

حکومتی دباؤ برداشت نہیں کیا جائےگا۔ اجلاس میں ملک بھر میں یکساں تعلیمی نصاب پر بھی مشاورت کی گئی اور اس پالیسی کی منظوری دے دی گئی ۔ صوبے یکساں نصاب سے متعلق اپنی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔