ٹیم پاکستان کو برسوں بعد ایک اور ورلڈ کلاس کھلاڑی مل گیا

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ ٹیم پاکستان کو برسوں بعد ایک اور ورلڈ کلاس کھلاڑی مل گیا  ، بابر اعظم نے ثابت کر دیا کہ وہ جدید کرکٹ کے گرو ہیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن گئے ۔

سپر لیڈ نیوز کے  مطابق  بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوینٹی میں بھی سنچری داغ کر کرکٹ کے پنڈتوں  کی رائے درست قرار دے دی۔ ماہرین کے مطابق بابر اعظم کی رنز اگلنے کی صلاحیت آج کل کی ہیجان انگیز کرکٹ کے عین مطابق ہے ۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ پاکستان کو برسوں بعد ایک ورلڈ کلاس پلیئر مل گیا ہے جو تنہا میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتا ہے  اپنے خوبصورت سٹروکس سے شائقین کا دل جیت سکتا ہے ۔

بابر اعظم ون ڈے رینکنگ میں عالمی نمبر ایک بلے باز بن چکے ہیں ۔ 2017 سے ٹاپ پوزیشن پر براجمان بھارتی کھلاڑی ویراٹ کوہلی  اب دوسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ جہاں بابر اعظم ٹاپ رینکنگ پر آنے کی مبارکبادیں وصول کر رہے تھے ایسے میں انہوں نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں بھی اپنی افادیت پر مہر ثبت کر دی اور محض 49رنز پر جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری جڑ دی ۔

بابر اعظم نے اپنی اننگز میں چار چھکے بھی لگائے ۔  اس حوالے سے اپنے تبصرےمیں رمیز راجہ نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے سب سے بہترین بلے باز بن چکے ہیں اور یہ پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ کچھ عرصے سے پاکستان بیٹنگ کے شعبے میں بڑے کھلاڑی پیدا کرنے سے قاصر تھا۔ انضمام الحق،  محمد یوسف ، سعید انور ، یونس خان جیسے کھلاڑیوں کے بعد ایک خلا پیدا ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا  کہ شعیب ملک اور حفیظ بھی بڑے کھلاڑی ہیں مگر یہ دونوں کبھی عالمی درجہ بندی میں اے پلس  کیٹیگری میں نہیں آئے تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں ہی بہت باصلاحیت ہیں ۔  دوسری جانب بابر اعظم کرکٹ لیجنڈز  کی فہرست میں آسکتے ہیں اگر ایسے ہی کارکردگی دکھاتے رہے ۔ بابر کا روکنا نا ممکن سا ہوتا جارہا ہے اور یہی ایک بڑے کھلاڑی کی نشانی ہوتی ہے ۔