لندن میں کیاچل رہاہے؟

دی سپر لیڈ ، لندن ۔ نوازشریف کاجارحانہ موڈ،لندن میں کیاچل رہاہے؟ برطانوی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت کو عدم تعاون کے سگنل پر لندن میں سیاسی ہلچل بڑھ گئی ہے ۔

سپر لیڈ نیوز نے اس حوالے سے لندن  میں سینئر صحافی اور تجزیہ کار غلام حسین اعوان سے گفتگو کی ۔ انہوں نے لندن کے سیاسی حالات اور ن لیگی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ غلام حسین اعوان نے کہا کہ نوازشریف کاتحریک میں تیزی لانے کا حتمی فیصلہ ہو چکا ہے ۔مسلم لیگ ن کے قائد پر اعتماد ہیں اور موجودہ پاکستانی سیٹ اپ سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ اپنی تقاریر میں بھی وہ کھل کر نظام کی تبدیلی کی بات کرچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جنوری انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ نوازشریف فوری پاکستان تو نہیں جارہے مگر وہ جنوری میں وطن واپس لوٹ کر پاور شو کرسکتے ہیں ۔ اس ضمن میں گوجرانوالہ کے بعد لاہور کا جلسہ بھی زیر غور ہے ۔ انہوں نے بتایا  کہ ن لیگ مینار پاکستان گراؤنڈ میں بڑے پاور شو کا ارادہ رکھتی ہے ۔ جلسے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ۔ حکومت  پر دباؤ بڑھانے کے لئے پارٹی پوری طرح متحرک  دکھائی دیتی ہے ۔ نوازشریف پاکستان میں  ہم خیال جماعتوں سے  رابطے میں ہیں ۔ بھرپور لابنگ جاری ہے جس سے کہا جا سکتا ہے کہ حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے حالات سازگار ہوتے نظر آرہے ہیں۔

نوازشریف سیاسی منظر نامے میں ہلچل کے لئے تیار ۔۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے لندن میں بعض سینئر صحافی غیر رسمی ملاقات کر چکے ہیں اور قائد ن لیگ سے انکا موقف لے چکے ہیں ۔ نوازشریف  قومی منظر نامے میں ہلچل کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔ اوران کو متعدد حلقوں کی حمایت حاصل ہو چکی ہے ۔

یہ بھی پڑھیئے:برطانیہ کانوازشریف کی حوالگی پرتعاون سےصاف انکار

نوازشریف کو حوالے کرنے کے پاکستانی حکومت کے مطالبے پر کئے گئے سوال  پر  انہوں نے کہا کہ بظاہر تحریک انصاف کی حکومت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ برطانوی قوانین اس حوالے سے بہت واضح ہیں ۔معاشی بحران میں پھنسی حکومت صرف عوام کو یہ حوصلہ دینا چاہتی ہے کہ کرپشن کیسز جاری رہیں گے اور نوازشریف کو واپس لانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔ یہ عوام کی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہو سکتی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں ۔ اگر برطانوی حکومت خود سے کارروائی کا آغاز کرے تو پانچ سال تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ پاکستانی سیاست کے لئے بہت ہیجان انگیز ہونگے