عمران خان کے قریبی ساتھی  رہنے والے محسن بیگ کیوں مخالف ہو گئے ؟

وقت اشاعت :17فروری2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ عمران خان کے قریبی ساتھی رہنے والے  محسن بیگ کیوں مخالف ہو گئے ؟  سیاسی حلقوں  میں سوالات اٹھنےلگے ۔

دی سپرلیڈڈاٹ کام کے مطابق محسن بیگ کے عمران خان کے ساتھ قریبی تعلقات رہے ہیں ۔ 2013 میں  محسن بیگ نے عمران خان کی پارٹی کے لئے  اہم کردار ادا کیا ۔ محسن بیگ خبر رساں ادارے آن لائن نیوز نیٹ ورک کے بانی اور ایڈیٹر ان چیف ہیں۔ وہ ماضی میں   پرویز مشرف کے بھی قریبی ساتھی رہے ہیں ۔ انہیں اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کے  حوالے سے بھی جانا جاتا ہے ۔

محسن بیگ متعدد انٹرویوز میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ عمران خان کے بہت قریبی رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں یہاں تک کہا کہ 2013 میں عمران خان انہی کی مدد سے پارٹی کی تنظیم سازی میں کامیاب ہوئے ۔ 

عمران خان نے ان سے براہ راست مدد مانگی تھی ۔ محسن بیگ کے مطابق ان کے کہنے پر  کئی سیاسی رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ۔ ان کی ایک تصویر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ جہانگیر ترین کے طیارے میں عمران خان اور دیگر رہنماؤں کےہمراہ موجود تھے ۔

غریدہ فاروقی کے پروگرام میں جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب بھی موجود تھے ۔ فوٹو کریڈٹ: نیوز ون

ذرائع کے مطابق کچھ عرصے سے محسن بیگ عمران خان کے  خلاف پالیسی پر چل رہے تھے ۔ وہ براہ راست تنقید کرتے رہے ہیں جبکہ پالیسیوں کو بھی کھلے عام تنقید کا نشانہ بناتے رہےہیں جس سےظاہر ہوتا ہے کہ وہ طویل عرصے سے عمران خان سے رابطے میں نہیں رہے ۔