خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں طالبان نے پھر جال پھیلا دیا ، پاکستان کے دورے پر آئیں ملالہ یوسفزئی کا بھی ردعمل سامنے آگیا

وقت اشاعت :14اکتوبر2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، کراچی ۔ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں طالبان نے پھر جال پھیلا دیا ، پاکستان کے دورے پر آئیں ملالہ یوسفزئی کا بھی ردعمل سامنے آگیا

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ملالہ یوسفزئی کے دورہ پاکستان کے دوران ہی سوات سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں طالبان کی موجودگی کی خبریں زیر گردش ہیں ۔ گو کہ ان خبروں کا ملالہ کے دورے سے تعلق نہیں تاہم نوبل انعام یافتہ سوات کی رہائشی ملالہ یوسفز ئی نے طالبان کی موجودگی کی اطلاعات پر کھل کر ردعمل دے دیا ہے ۔

بی بی سی سے گفتگو میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ لوگ نہیں چاہتے طالبان سوات  میں  واپس آئیں ۔ یہ کوئی بھی نہیں چاہے گا کہ وہاں پھر دھماکے شروع ہو جائیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی لیڈر، اسٹیبلشمنٹ اور جتنے بھی فریقین ہیں وہ اپنا کردار ادا کریں گے اور یہ بھی امید ہے کہ سوات میں امن قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد ی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے ۔ لڑکیوں کے سکولوں پر حملے کئے گئے اور تعلیم کا سلسلہ روکنے کی کوشش کی گئی ۔ ایسے میں کوئی بھی پاکستانی یہ نہیں چاہتا کہ سوات اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردی شروع ہو جائے ۔

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے سندھ کے شہر دادو کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی ۔ فوٹو کریڈٹ :اے پی پی

واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں ۔ انہوں نے سندھ کی وزیر صحت سمیت دیگر حکام کے ساتھ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے ۔ دادو میں سیلاب متاثرین سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امید ہے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیم کا سلسلہ دوبارہ بحال ہوگا۔