سینئر آرمی  افسر پر الزام ، فوج کا حکومت سے عمران خان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ

وقت اشاعت :5نومبر2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد ۔ سینئر آرمی  افسر پر الزام ، فوج کا حکومت سے عمران خان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ ، الزامات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عمران خان کی جانب سے حساس ادارے  کے اعلیٰ افسر پر براہ راست الزام کے بعد پاک فوج نے بھی سخت ردعمل دے دیا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عمران خان کی جانب سے حساس ادارے اور ایک مخصوص سینئر آرمی افسر پر بے بنیاد الزام کی مذمت کرتے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق یہ  الزام بے بنیاد  ہے ۔ اس طرح کے الزامات نا قابل قبول اور بلاجواز ہیں  ۔

ایک بیان میں آئی ایس پی آر  نے کہافوج اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قوائد ضوابط پر فخر کرتی ہے ۔ پاکستانی فوج  میں  یونیفارمڈ اہلکار کی جانب سے کسی ممکنہ غیر قانونی اقدام پر اندرونی احتساب کا ایک مؤثر نظام موجود ہے۔  بے بنیاد الزامات لگائے جانے پر ادارہ ہر صورت افسران اور فوجیوں کو تحفظ فراہم کرے گا۔ کسی کو بھی ادارے یا فوجی افسران کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فوج  کے ترجمان ادارے نے  مزید کہا حکومت پاکستان سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے اور ادارے پر بے بنیاد الزامات سے اسے بدنام کرنے کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ مفاد پرستوں کے فضول الزامات سے فوجیوں کی عزت کو داغ دار کیا جا رہا ہے۔