بیک ڈور رابطوں اور مفاہمت کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد عمران خان نے میجر جنرل فیصل نصیر کے خلاف بیانات دیئے

وقت اشاعت :11نومبر2022

ندیم چشتی ، بیوروچیف دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، اسلام آباد۔ بیک ڈور رابطوں اور مفاہمت کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد عمران خان نے میجر جنرل فیصل نصیر کے خلاف بیانات دیئے۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عمران خان کے عسکری حلقوں سے اپنے منظور نظر رہنماؤں کے ذریعے رابطوں کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ جیو  نیوز کے پروگرام میں عمران خان کے قریبی ساتھی میجر ریٹائرڈ خرم حمید روکھڑی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے  عمران خان کے کہنے پر میجر جنرل فیصل نصیر سے تین ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ تیسری ملاقات میں تحریک انصاف کے رہنما سلمان احمد بھی موجود تھے ۔ یہ ملاقاتیں عمران خان کے کہنے پر ہوئیں ۔

دوسری جانب دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  نے خرم روکھڑی کے بیانات کی تصدیق کے لئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے رابطے کئےجس کے بعد ان ملاقاتوں کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان بیک ڈور  رابطے کامیاب بنانے کے لئے متحرک رہے ہیں مگر عسکری حلقوں میں ان کے مطالبات پذیرائی نہیں حاصل کر پائے ۔

ذرائع نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ سے قبل میجر جنرل فیصل نصیر سے براہ راست ملاقات کی بھی خواہش ظاہر کی تھی مگر دوسری جانب سے انکار کر دیا گیا جس کے بعد عمران خان نے جلسوں میں براہ راست میجر جنرل فیصل نصیر کا نام لے کر الزامات عائد کرنا شروع کردیئے ۔