کیا پاکستان میں بڑا زلزلہ آنے والا ہے ؟ ڈچ جیالوجسٹ کی پیشگوئی پر کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ بھی پریشان

وقت اشاعت :3اکتوبر2023

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، کوئٹہ ۔ کیا پاکستان میں بڑا زلزلہ آنے والا ہے ؟ ڈچ جیالوجسٹ کی پیشگوئی پر کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ بھی پریشان  ہوگئی ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق زلزلے کی پیشگوئی سے متعلق رپورٹ نے کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ  کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔  کمشنر کوئٹہ   حمزہ شفقات نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر لکھا کہ  محکمہ موسمیات کے ذریعہ زلزلے کی پیشگوئی سےمتعلق رپورٹ کی تصدیق  نہیں ہوسکی تاہم زلزلے کے خدشات ضرور ظاہر کئے گئے ہیں ۔ شہر کی تمام ایمرجنسی سروسز  کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے زلزلے کے خدشے کے پیش نظر یہ بھی واضح کیا کہ کوئٹہ کی انتظامیہ تیاریاں کرے جبکہ شہری بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔

زلزلے کی کوئی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی ، ارضیاتی ماہرین کی وضاحت

واضح رہے کہ  ڈچ سائنسدان  فرینک ہوگر بیٹس  نے  چمن فالٹ لائن میں آئندہ دو روز میں زلزلے کی پیش گوئی  کر رکھی ہے ۔  سولر سسٹم جیومیٹری سروے کےمطابق بلوچستان میں زیرِ زمین چمن فالٹ لائن میں تیز لرزش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایس ایس جی ایس کے مطابق سطح سمندر کے قریب فضا میں برقی چارج کے اتار چڑھاؤ کو  بھی ریکارڈ کیا گیا ہے جس  کی وجہ سے  پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں   آئندہ چند روز میں چھ یا اس سے زیادہ  شدت کا  طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے۔

دوسری جانب ارضیاتی ماہرین کے مطابق  زلزلے کی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی ۔ ایسی کوئی ٹیکنالوجی نہیں جس کی رو سے یہ پتا کرایا جا سکے کہ مستقبل میں زلزلہ کہاں آنا ہے ۔ ادھر دلچسپ امر یہ ہے کہ رواں سال ڈچ   سائنسدان نے  ترکیہ میں بھی زلزلے کی پیش گوئی کی تھی جو 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی تھی ۔