کراچی میں کوروناپھرپھیلنےلگا،منگھوپیر میں سمارٹ لاک ڈاؤن

 دی سپر لیڈ ،کراچی ۔ کراچی میں کوروناپھرپھیلنےلگا،منگھوپیر میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانا پڑ گیا۔ بڑھتے کیسز پر منگھو پیر کی یونین کونسل آٹھ میں پولیس کے پہرے بٹھا دیئے گئے۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق کراچی میں  چوبیس گھنٹے کے دوران 365 کیسز سامنے آگئے۔ بڑھتے کیسز کے پیش نظر منگھوپیرکی یوسی آٹھ کے بعض حصے سیل کر دیئے گئے ہیں ۔ انتظامیہ نے رات گئے لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ جس کے تحت یونین کونسل میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی ۔ اس دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چند ہوٹل بھی سیل کردیئے گئے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیئے:کورونا کے بعد بڑی خوشخبری ملے گی

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملک  میں تیس ستمبر کو جتنے کیسز رپورٹ ہوئے ان میں سے کراچی کا حصہ 60فیصد رہا جس پر خاصی تشویش ہے ۔ انہوں نے ایک اجلاس  میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔ کمشنر کراچی نے اجلاس کو بتایا کہ بعض علاقوں میں کیسز پھر سر اٹھا رہے ہیں ۔ اس سے پہلے وزیر صحت سندھ نے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خاص طو ر پر ایس او یپز کا خیال رکھا جائے ۔ جس بھی سکول نے خلا ف ورزی کی اسے فوری سیل کر دیا جائےگا۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ سکول انتظامیہ ایس او پیز پر عمل یقینی بنانے کے لئے بچوں میں بھی آگاہی پیدا کریں ۔