وزیراعظم کا فرانس سے تعلق ختم کرنے سے صاف انکار

وقت اشاعت :19اپریل2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ وزیراعظم کا فرانس سے تعلق ختم کرنے سے صاف انکار ، ن لیگ اور جے یو آئی کی جانب سے ٹی ایل  پی کی حمایت کو ملک میں انتشار پھیلانے کے مترادف قرار دے دیا۔

سپر لیڈنیوز کے مطابق وزیراعظم نے پیر کوقوم سے خطاب کیا۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ فرانس سے تعلقات ختم نہیں کئے جاسکتے ۔ اگر ایسا کیا تو الٹا ہمیں ہی نقصان ہوگا۔ تجارت رک جائے گی ، مہنگائی بڑھے گی ، بےروزگاری میں اضافہ ہوگا جبکہ ملک میں جاری ترقی نیچے آجائے گی ۔

عمران خان نے کہا ٹی ایل پی اور ہمارا مقصد ایک ہی ہے ۔ ہم بھی ناموس رسالت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔ یہ سلسلہ بند ہو نا چاہیے ۔ ہماری حکومت نے ہر فورم پر موثر آواز اٹھائی ہے ۔ ہر سال یہ معاملہ شدت اختیار کر جاتا ہےجس  سے دکھ ہوتا ہے ۔ یورپ کو جانتا ہوں ، ان سے تعلقات خراب نہیں ہو سکتے ۔ اگر فرانسیسی سفیر نکالا تو ان میں سے کوئی ملک ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی کرے گا۔

کالعدم ٹی ایل پی کی حمایت کرنےو الے انتشار چاہتے ہیں ، وزیراعظم

وزیراعظم نے اس  موقع پر کالعدم ٹی ایل پی  کی حمایت کرنےو الوں کو تنقید کا نشانہ بنایااور کہا کہ جے یوآئی اور ن لیگ کی طرف سے ٹی ایل پی کی حمایت کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے ۔ ٹی ایل پی والوں نے مظاہروں کے دوران پولیس کی چالیس گاڑیوں کو آگ لگا دی ۔ چار پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ پرائیوٹ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔

جعلی اکاؤنٹس سے جعلی ویڈیوز اپ لوڈ ہو رہی ہیں :وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس سے سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیو زپھیلائی جارہی ہیں ۔ ستر فیصد ویڈیو ز جعلی ہیں ۔ بعض ویڈیو ز کے پیچھے بھارتی ہاتھ کے بھی اشارے ملے ہیں ۔ یہ لوگ  اپنے ہی شہریوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ ان سے کہتا ہوں احتجاج کا راستہ ترک کردیں ۔ حکومت مذاکرات بھی کر رہی ہے ۔ ناجائز بات نہیں مان سکتے ۔ ہماری حکومت نے اسلاموفوبیا  کے خلاف پوری  دنیا میں آواز اٹھائی ہے  اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ وزیراعظم کا فرانس سے تعلق ختم کرنے سے صاف انکار ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومتی وفد کالعدم ٹی ایل پی کے نمائندوں سے مذاکرات کے تین راؤنڈز کر چکا ہے ۔