حکومتی رٹ کمزور،مظاہرین نےشیخ رشید کی لال حویلی کاگھیراؤکرلیا

وقت اشاعت:20اپریل2021

سپر لیڈ نیوز، راولپنڈی ۔ حکومتی رٹ کمزور،مظاہرین نےشیخ رشید کی لال حویلی کاگھیراؤکرلیا ۔ شیخ رشید کے پتلے نذر آتش کئے گئے ، وزیر داخلہ کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق راولپنڈی جیسے حساس شہر میں بھی حکومتی رٹ کمزور پڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ مسلسل دوسرے روز بھی وزیر داخلہ کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی  مظاہرہ  کیا گیا ۔ بعض مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رہے تھے ۔ کالعدم ٹی ایل پی کے خلاف بیانات دینے کی وجہ سے مظاہرین میں بڑی تعداد ٹی ایل پی کے کارکنوں کی شامل تھی جبکہ بعض مدارس کے افراد بھی دیکھے گئے ۔ بعض مشتعل افراد نے گالم گلوچ کی ، لال حویلی پر پتھر برسائے  جبکہ شیخ رشید کے پتلے بھی نذر آتش کئے ۔

اس موقع پر پولیس کا کوئی اہلکار نظر نہ آیا۔کچھ دیر بعد رینجرز کو طلب کرلیا گیا تو مظاہرین منتشر ہو گئے تاہم کچھ دیر بعد پھر آگئے اور نعرے بازی شروع کر دی ۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کے اہلکار لال حویلی کے باہرپہرہ دیں گے ۔ دوسری جانب شیخ رشید  پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان نہ دے سکے اور ہلکی پھلکی وضاحت کے بعد طبیعت خرابی کاجواز بتا کر ایوان سے چلے گئے جس پر پیپلز پارٹی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شیخ رشید نے ایوان کی توہین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے ۔ اس حکومت کو گھر چلے جانا چاہیے ۔ شیخ رشید بھی بہانہ بنا کر اسمبلی سے چلے گئے۔

SuperLead