کورونا کا شکار بھارتی سفارتی اہلکار وں کی اسلام آباد آمد، صحافی گیتا موہن کا بڑا انکشاف

وقت اشاعت :23مئی2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ کورونا کا شکار بھارتی سفارتی اہلکار وں کی اسلام آباد آمد،  صحافی گیتا موہن کا بڑا انکشاف، ٹویٹ کیا، بھارتی سفارتی اہلکار کی اہلیہ کا ٹیسٹ پازیٹیو ہے ۔

سپر لیڈ نیوز  کے مطابق پاکستان کی جانب سے کورونا ایس او پیز بھلا کر سفارتی پروٹوکول کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ سب سے پہلے یہ انکشاف بھارتی صحافی گیتی موہن کی ٹویٹ سامنے آنے کے بعد آیا۔ انہوں نے پاکستانی نیوز چینل بول ٹی وی کے صحافی غلام  عباس شاہ کی ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ بھارتی سٹاف ممبر کی اہلیہ کا ٹیسٹ پازیٹو ہے تاہم ان میں معمولی علامات ہیں ۔ ریپڈ ٹیسٹ کٹ سے کئے ٹیسٹ میں ان میں معمولی علامات پائی گئیں ۔ پاکستان کے قانون کے مطابق تمام سفارتکاروں اور عملے کے ارکان کو چودہ روزہ قرنطینہ کرنا ہوگا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پازیٹو ٹیسٹ کی صورت میں ایس او پیز کے مطابق مسافر کو واپس بھیجوانے کے احکامات ہیں ۔ این سی او سی نے اس حوالے سے قوانین وضع کر رکھے ہیں تاہم کورونا پازیٹو خاتون کو بھارتی سفارتخانے ہی میں قرنطینہ کی اجازت دیدی گئی  اور واپس نہیں بھجوایا گیا۔

پاکستان کی جانب سے خطرناک بے احتیاطی کا مظاہرہ

بھارت میں کورونا  کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ کے باوجود پاکستانی حکام کی جانب سے خطرناک بے احتیاطی کامظاہرہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بھارت سے  بارہ سفارتی اہل کار پاکستان پہنچے ہیں جن میں نان ڈپلومیٹک عملہ بھی ہے ۔ ان افراد کے ٹیسٹ واہگہ بارڈر پر   پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے کئے تھے ۔ سپر لیڈ نیوز نے موقف جاننے کے لئے  وزارت خارجہ  سے رابطہ کیا تاہم حکام نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔ دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام نے تصدیق کی کہ بھارتی خاتون کا ٹیسٹ پازیٹو نکلا تھا لیکن موقع پر موجود سفارتی اہلکاروں نے انہیں اسلام آباد جانے کی اجازت دینے کامطالبہ کیا تھا۔