کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا بڑا واقعہ ، ٹرک ڈرائیور نے 4 پاکستانیوں کی جان لے لی

وقت اشاعت :8جون2021

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا بڑا واقعہ ، ٹرک ڈرائیور نے 4 پاکستانیوں کی جان لے لی ، بیس سال سفید فام لڑکے نے ٹرک سڑک کنارے کھڑی پاکستانی فیملی پر چڑھا دیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق کینیڈامیں اسلاموفوبیا کے بڑے واقعے نےدل دہلا دیئے ۔ سفید فام دہشتگرد  نے ایک ہی مسلم خاندان کے چار افراد کی جان لے لی۔مسلم خاندان کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت  قتل کیا گیا۔ واقعہ کینیڈا کے صوبہ  اونٹاریوکےشہر لندن میں پیش آیا ۔پولیس نے حملے کی وجہ  مسلمانوں  سے نفرت قراردی۔پولیس چیف کے مطابق حملہ جان بوجھ کرکیاگیا۔20سالہ مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیاگیا۔جہاں اس پر  قتل کے 4 اور اقدام قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں  میں عمر رسیدہ ماں،  بیٹا، بہو اور کمسن پوتی شامل  ہیں ۔ نو برس کا بچہ ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نےمذمت کرتےہوئےکہاکہ واقعے نے مجھے ہلاکر رکھ دیا ہے۔کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں۔اس نفرت کو ختم کرنا ہوگا ۔امریکی رکنِ کانگریس الہان عمر سمیت متعدد عالمی شخصیات نے بھی اس ہولناک واقعے کی مذمت کی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے گھناؤنا فعل قرار دیا۔