اپوزیشن ، وزرائے اعلیٰ، پارلیمانی لیڈرز اورفوج ایک پیج پر، صرف عمران خان آؤٹ کیوں ہوئے ؟

وقت اشاعت :2جولائی2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ اپوزیشن ، وزرائے اعلیٰ، پارلیمانی لیڈرز اورفوج  ایک پیج پر، صرف عمران خان آؤٹ کیوں ہوئے ؟ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں عمران خان کی عدم شرکت پر چہ مگوئیاں ہونے لگیں ۔

سپر لیڈ نیوز کےمطابق پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں حیرت انگیز طور پر عمران خان شریک نہ ہوئے ۔ انہوں نے اسی دوران کسان کنونشن  میں شرکت ضروری سمجھی ۔ اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر، شہبا ز شریف، بلاول بھٹو ، پارلیمانی لیڈرز اور چاروں وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی ۔ اس اہم اجلاس میں وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ بھی شریک ہوئے مگر عمران خان کےنہ آنے پر سوالات اٹھ گئے ۔

اجلاس کے دوران کسی غیر متعلقہ شخص کو اندر آنے کی اجازت نہ تھی ۔ ان کیمرہ اجلاس  کی سکیورٹی آئی ایس آئی نے سنبھالی جبکہ اجلاس شروع ہوتے ہی تمام گیٹ بند کردیئے گئے ۔ اجلاس کے دوران سب سے پہلے ڈی جی آئی ایس  آئی نے بریفنگ دی ۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بریفنگ میں کیا کہا ؟

ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکاکو بتایا  کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں اخلاص کے ساتھ نہایت مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔  پاکستان کی بھرپور کاوشوں کی بدولت مختلف افغان دھڑوں اور متحارب گروپوں کے مابین مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔ پاکستان کی وجہ سے ہی امریکہ اور طالبان کے مابین مذاکرات ہوئے ۔ پاکستان افغانستان میں عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا ہر سطح پر خیر مقدم کرے گا ۔

پاکستان کی سر زمین افغانستان میں جاری تنازع میں استعمال نہیں ہو رہی ۔ امید ہے افغانستان کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ افغانستان کی سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا  ہے ۔ ہماری سکیورٹی سب سے پہلی ترجیح ہے ۔ امید ہے افغانستان بھی ہم پر حملوں کے لئے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ارکان پارلیمنٹ سے فون لے لئے گئے ، دروازے بند ، سکیورٹی آئی ایس آئی کے حوالے

سپر لیڈ نیوز ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس ایوان میں داخل ہوتے ہی شرکا سےموبائل فون لے لئے گئے ۔ اس موقع پر آئی ایس آئی کے اہلکاروں  نے سکیورٹی کے فرائض نبھائے یہاں تک کے قومی اسمبلی کے گارڈز اور عملے  کو بھی اندر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ تمام شرکا کی کل تعداد 108کے قریب تھی ۔

وزیراعظم کی غیر موجودگی پر چہ مگوئیاں

ذرائع کے مطابق جس موقع پر بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی غیر موجودگی کا سوال اٹھایا تو حکومتی ارکان بھی خاموش رہے ۔ پاکستانی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ایک حکومتی رکن نے اس موقع پر جواب دیا کہ وہ شاید اپوزیشن کی خفگی کی وجہ سے نہیں آئے ۔ اپوزیشن عمران خان کی یہاں موجودگی نہیں چاہتی ۔ بعض ارکان یہ بھی چہ مگوئیاں کرتے رہے کہ ساری ملکی قیادت اور اہم رہنما یہاں موجود ہیں یہاں تک پاک فوج کی اعلیٰ کمان بھی ہے مگر وزیراعظم کی غیر موجودگی معنی خیز ہے ۔