عوامی انداز میں گھومنے والے ن لیگی رہنما بلال یاسین حملہ آوروں کا آسان ٹارگٹ ، قاتلانہ حملے میں زخمی

وقت اشاعت :1جنوری2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ عوامی انداز میں  گھومنے والے ن لیگی رہنما بلال یاسین حملہ آوروں کا آسان ٹارگٹ ، قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن بلال یاسین پرقاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے ۔

 لاہور کے موہنی روڈ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے انہیں اس وقت ٹارگٹ کیا جب وہ ایک کارکن کے ساتھ  گھر سے کچھ فاصلے پر جارہے تھے ۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور  موٹر سائیکل پر سوار تھے اور عقب سے آئے ۔ ایک عینی شاہد  نے دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کو بتایا کہ بلال یاسین پر حملہ آوروں نے  تین  گولیاں فائر کیں ۔ ایک گولی پیٹ میں لگی جبکہ دوگولیاں ٹانگ میں لگیں ۔موٹر سائیکل سوار ملزم نوجوان تھے اور بلال یاسین  کو  سامنے سے  نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔ ایک گولی کا نشانہ خطا گیا جبکہ دوسری اور تیسری گولی ان کے جسم پر لگیں ۔

فائرنگ کے بعد بلال یاسین نیچے گر گئے جبکہ حملہ آوروں  نے واپس موٹر سائیکل بھگا دی ۔ن لیگی مقامی کارکن موقع پر جمع ہو گئے جبکہ شہریوں  کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی ۔ بلال یاسین کو فوری میو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایک گولی ان کے پیٹ کو چیرتی ہوئی نکلی ہے ۔بلال یاسین انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں ۔ دوسری جانب ن لیگی قیادت نے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں  مذمت کی ہے ۔

واقعے کے بعد شہباز شریف نے بلال یاسین کو فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ مریم نواز نے ٹویٹ کیا ہے کہ بلال یاسین پر حملہ قابل مذمت ہے سب ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں ۔

واضح رہے کہ بلال یاسین اپنے حلقے میں عوامی انداز میں گھومتے رہتے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم بلال یاسین کا عوامی انداز سیاسی مخالفین کو بھی ایک آنکھ نہیں بھاتا۔  

وزیراعلیٰ  پنجاب نے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی کہ بلال یاسین کوعلاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ بلال یاسین پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 150 لاہور سے رکن منتخب ہوئے ہیں۔