بلاول نے نواز شریف کو کابینہ میں توسیع پر قائل کرلیا ، الیکشن اصلاحات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم ، عمران خان کے خلاف مضبوط لائحہ عمل پر اتفاق

وقت اشاعت :22اپریل2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، لندن ۔ بلاول نے نواز شریف کو کابینہ میں توسیع پر قائل کرلیا ، الیکشن اصلاحات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم ، عمران خان کے خلاف مضبوط لائحہ عمل پر اتفاق ہوا۔

دی سپرلیڈڈاٹ کام کے مطابق لندن میں بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد کی نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے جس میں ورکنگ ریلیشن شپ کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ نواز شریف نے بلاول  کا لندن آنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر مبارکباد دی ۔

بلاول بھٹو نے بھی نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات  میں بلاول بھٹو نے کابینہ میں توسیع کی بات کی ۔ پیپلز پارٹی کے آئینی عہدوں کے مطالبے کا بھی تذکرہ کیا جس پر نواز شریف نے لچک دکھاتےہوئے مثبت جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے عمران خان کی نا اہلی کا ذکر کرتے ہوئے آئندہ بھی مل کر چلنے پر اتفاق کیا اور عزم ظاہر کیا کہ عمران خان کے خلاف مضبوط لائحہ عمل آگے بڑھے گا۔

اس سے پہلے میڈیا سے گفتگو میں بلاول نے کہا ہم نے جو کامیابی حاصل کی ہے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ماضی میں بھی مل کر تاریخ لکھی ہے۔  تین چار سال میں ہم نے مل کر اس سلیکٹڈ حکومت کو ختم کیا۔  ایک غیر جمہوری شخص پاکستان پر مسلط کیا گیا ۔

ہم نے ان کے خلاف کوئی غیر جمہوری قدم نہیں اٹھایا۔ ہم نے عدلیہ یا کسی دوسرے اداروں کو اس میں ملوث نہیں کیا صرف جمہوری راستہ اپنایا۔ آج بھی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا ساتھ اتنا ہی ضروری ہے جتنا میثاق جمہوریت کے وقت تھا۔عمران خان کوگھر بھیج دیا جو نقصان اس نے ملک کو پہنچایا اس کو ٹھیک کرنا ہے۔  سلیکٹڈ راج کا خاتمہ صرف ہماری نہیں پوری قوم کی جیت ہے ۔