اسحاق ڈار کلیئر، مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ، نواز شریف کی نومبر میں واپسی کا امکان، ن لیگ ڈرائیونگ سیٹ پر آگئی

وقت اشاعت :30ستمبر2022

ندیم چشتی، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ اسحاق ڈار کلیئر، مریم نواز ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ، نواز شریف کی نومبر میں واپسی کا امکان، ن لیگ ڈرائیونگ سیٹ پر آگئی

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ن لیگ کو ایک کے بعد ایک کیس میں ریلیف مل گیا۔ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے، دائمی وارنٹ معطل ہونے اور وزیر خزانہ بننے کے بعد اسحاق ڈار ملکی سیاست میں کلیدی عہدے پر آگئے ۔ ایون فیلڈ سزا کے خلاف نظر ثانی اپیل منظور ہو گئی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو بری کر دیا۔

مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔نیب پراسکیوٹر کی سرزنش کے بعد عدالت نے پندرہ منٹ کے لئے فیصلہ محفوظ کیا اور پھر مختصر حکم نامہ جاری کر دیا۔

نئے آرمی چیف کا اعلان ہوتے ہی نوازشریف وطن واپس آجائیں گے

دوسری جانب لندن میں دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے ذرائع کے مطابق نئے آرمی چیف کا اعلان ہوتے ہی نوازشریف وطن واپس آجائیں گے اور اپنے خلاف کیسز کا سامنا کریں گے ۔ اس طرح سیاسی گراؤنڈ  میں وکٹ ن لیگ کے لئے مرحلہ وار آسان ہو گئی ہے ۔تجزیہ کاروں کے مطابق ن لیگ بظاہر ڈرائیونگ سیٹ پر آرہی ہے ۔ نوازشریف کی وطن واپسی کی صورت میں ن لیگ کی مقبولیت کا گراف اوپر جا سکتا ہے ۔ ادھر عمران خان نے احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان کر کے سیاسی میدان میں بھرپور مقابلہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔