ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا

وقت اشاعت :17اکتوبر2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ قومی اسمبلی کے 8 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارلیا

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ نتائج کے مطابق عمران خان نے سات میں سے چھ سیٹیں جیت لی ہیں ۔ پیپلز پارٹی نے ملیر اور ملتان میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ قومی اسمبلی کی 8 میں سے 7 نشستوں پرعمران خان کا دیگر امیدواروں سے مقابلہ رہا۔ عمران خان نے پشاور کی سیٹ اپنے نام کی اور اے این پی امیدوار غلام احمد بلور کو شکست دی۔ اے این پی رہنما  نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے ۔

این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کے نتیجے کے مطابق عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے مردان کا میدان بھی مار لیا۔ این اے 22 مردان 3 کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان کو بھی شکست دی۔  این اے 24 چارسدہ کے تمام 384 پولنگ اسٹیشنزکے نتیجے کے مطابق عمران خان 78589 ووٹ لے کرجیتے ۔ایمل ولی خان 68356 ووٹ  حاصل کرسکے۔

فیصل آباد میں عابد شیر علی کو عمران خان کے ہاتھوں شکست

فیصل آباد میں عمران خان نےعابد شیر علی کو ہرایا اور 24471 ووٹوں کے مارجن سےیہ سیٹ بھی اپنے نام کی ۔ این اے 108 فیصل آباد کے  تمام 354 پولنگ اسٹیشنز کےنتیجے کے مطابق عمران خان 99602 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی 75131 ووٹ لے سکے۔

ننکانہ صاحب میں عمران خان کا سرپرائز

ننکانہ صاحب بھی تحریک انصاف کے حصے میں آئی ۔ عمران خان نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 118 ننکانہ صاحب میں بھی بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

این اے 118 ننکانہ صاحب 2  کے  تمام  319 پولنگ اسٹیشنزکے نتائج کےتحت عمران خان 90180 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 78024 ووٹ حاصل کیے۔ اس طرح انہیں 12156 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

عمران خان کی کراچی میں ایک حلقے سے جیت دوسرے سے ہار

اسی طرح این اے 239 کراچی کورنگی 1 کے 330  پولنگ سٹیشنوں میں بھی عمران خان نے میدان مار لیا اور ایم کیو ایم کے امیدوار کو شکست دی ۔

عمران خان این اے 237 ملیر میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ سے ہار گئے۔ تمام 194 پولنگ اسٹیشنزکے نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ عمران خان نے 22493 ووٹ حاصل کئے ۔ اس طرح انہیں 10 ہزار 74 ووٹوں کے مارجن سے شکست ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کے بیٹی کی خالی کی ہوئی سیٹ پر مہربانو قریشی کو بڑے مارجن سے شکست

شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی ملتان سے خالی کردہ نشست این اے 157 پرشاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو قریشی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سید علی موسیٰ گیلانی 107327  ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے

پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے 2 پی ٹی آئی کے نام

پنجاب اسمبلی کی تین کی نشستوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال اور پی پی 241 بہاولنگر میں سے شیخوپورہ کی سیٹ ن لیگ کے ہاتھ آئی جبکہ باقی دونوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار جیت گئے ۔