پولیس رانی پور میں بچی کو تشدد سے ہلاک کرنے والے پیر  کے ساتھ مل گئی؟ویڈیو ریکارڈ ضائع کر دیا گیا

وقت اشاعت :1اکتوبر2023

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، خیر پور۔ پولیس رانی پور میں بچی کو تشدد سے ہلاک کرنے والے پیر  کے ساتھ مل گئی؟ ویڈیو ریکارڈ ضائع کر دیا گیا

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق  خیر پور میں رانی پور کے علاقے میں کمسن ملازمہ کے کیس میں ڈرامائی موڑ آگیا ہے ۔ پولیس اب تک ڈیجیٹل فرانزک شواہد حاصل نہیں  کر سکی جس کی وجہ سے ریکارڈ   کومقدمے کا حصہ نہیں بنایا جا سکا۔ پولیس نے پیر اسد شاہ کی حویلی سے ریکارڈ تحویل میں لیا تھاتاہم اب پولیس کا دعویٰ ہے کہ ڈی وی آر تحویل لینے سے قبل ہی تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جا چکا تھا۔کیس  کا مرکزی ملزم اسد شاہ اپنے لیپ ٹاپ سے بھی تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کرچکا ہےملزم اسد شاہ کے بار بار غلط پن کوڈ بتانے کے باعث آئی فون بھی مکمل لاک ہوچکا ہےجس کی وجہ سے پولیس کو کوئی ڈیٹا نہیں ملا۔

ڈیجیٹل فرانزک ماہرین کے مطابق پن کوڈ کھولنے کی کوشش میں آئی فون کا ڈیٹا ضائع ہونے کے بھی امکانات ہیں ۔ ملزم اسد شاہ کی حویلی کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سے بچی کے  مرنے کا پتا چلا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج ملزم اسد شاہ نے خود مقتولہ بچی کے والدین کو فراہم کی تھی تاہم تشدد کن اوقات میں کیا گیا اس کے شواہد ضائع کر دیئے گئے ہیں ۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پولیس کی ملی بھگت سے ایسا ہوا ہے کہ یا علاقے کے بااثر پیر نے خود ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا ہے ۔