ملک میں تعلیمی ادارے عملی طور پر ستمبر میں کھلیں گے

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ ملک میں تعلیمی ادارے عملی طور پر ستمبر میں کھلیں گے ۔ این سی او سی نے تعلیمی ادارے17کے بجائے  23 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔

سپر لیڈ نیوز کے  مطابق تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کا فیصلہ  کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کیا گیا ۔ملک میں کورونا  کی تشویشناک صورتحال  کے باعث این سی او سی کا ایک اور اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ این سی او سی  کی سکولوں کی بندش سے متعلق  فیصلے پر نظر ثانی کی گئی  یوں فریقین سے مشورے کے بعد  اب تعلیمی ادارے 17 کے  بجائے 23 مئی تک بند رہیں گے ۔ اعلامیے کے مطابق وبا کی لہرکے پیش نظراس سے قبل 17 مئی تک  سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا  گیا تھا۔ تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے 18 مئی کودوبارہ جائزہ لیا جائےگا۔

تعلیمی ادارے 17مئی کو کھلنا کیوں ممکن نہیں ؟

او لیول اور اے لیول کے امتحانات پہلے ہی ملتوی کئے جاچکے ہیں تاہم وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں واضح کیا تھا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات اپنے مقررہ وقت پر لئے جائیں گے ۔ دوسری جانب این سی او سی کے فیصلے کے برعکس 17مئی کو بھی سکول کھولے جانا ممکن نہیں ہوگا۔ اسی دوران گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان متوقع ہے یوں عملی طور پر سکول ستمبر میں ہی کھلیں گے ۔

طبی ماہرین کے مطابق مسلسل کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے دوہفتے بعد کورونا کی لہر میں شدت آنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ اسی  طرح  عید کے بعد لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعدبھی کیسز کی شرح بڑھ سکتی ہے  چنانچہ مئی کے وسط میں کورونا کی صورتحال کیا ہوگی ؟ ابھی کچھ بھی حتمی نہیں ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی ایک تقریب سے خطاب میں  آئندہ دو ہفتے کو اہم قرار دے چکے ہیں جبکہ انہوں نے اگست کو  بھی خطرناک قرار دیا تھا۔