سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا گیا

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا گیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 جاری کردیا۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق  الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن  94 اور سیکشن 103 میں ترمیم کی گئی۔ آرڈیننس کے مطابق الیکشن کمیشن نادرا یا کسی اور اتھارٹی یا ایجنسی کی تکنیکی معاونت سے عام انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے  کی سہولت دینے کا مجاز ہوگا۔ سیکشن 103 کے تحت الیکشن کمیشن عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں خریدنے کا بھی پابند ہوگا۔اس سلسلے میں وفاقی حکومت فنڈز جاری کرے گی ۔ آرڈیننس سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت، الیکٹرونک ووٹنگ اور بائیومیٹرک تصدیقی مشینوں کیلئے پائلٹ منصوبوں کے متعلق شقوں کو بدلا گیا ہے ۔

اس آرڈیننس کے حوالے سےٹیلی فونک گفتگو کرتےہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے بتایا کہ وزیراعظم شفاف الیکشن کے لئے اصلاحات چاہتےہیں ۔ ان کا مطالبہ بالکل درست اور جمہوری روایات کا علمبردار ہے ۔ اپوزیشن کو اس حوالے سے جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے بعد الیکشن کمیشن فعال کردار ادا کرے گا۔ ای ووٹنگ مشینوں سے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے میں آسانی ہوگی ۔ بیلٹ کے عمل میں شفافیت آئے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ہر الیکشن چرایا گیا۔ عمران خان اسی لئے اس دھندے کو ختم کرنے کےلئے میدان میں اترے ہیں ۔