امجد شعیب اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں ، جاوید ہاشمی کا چیلنج

وقت اشاعت:18مئی 2021

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ امجد شعیب  اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھیں ، جاوید ہاشمی کا چیلنج ۔ جنرل  ریٹائرڈ امجد شعیب  کو دو  ٹوک پیغام بھجوا دیا۔ تمام الزامات کی بھی تردید کردی ۔

سپر لیڈ نیوز کے مطابق جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی جانب سے جاوید ہاشمی پر الزامات کے بعد جاوید ہاشمی کا جواب بھی سامنے آگیا۔ جاوید ہاشمی نے ٹویٹر پیغام میں امجد شعیب کو ریڈار میں رکھ کر حساب چکا دیا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ ‏لیفٹننٹ جنرل (ر)امجد شعیب صاحب آپ مُجھ سے عمر میں 12 سال بڑے  ہیں اس لئے آپ کا احترام مجھے پر واجب  ہے- یہ میری خوش قسمتی سمجھیں یا بدقسمتی ، جب آپ ملتان میں میجر تھے میں آپ کے 11 لیفٹیننٹ  جرنیلوں کے ساتھ کابینہ میں تھا۔

‏آپ جس طریقے سے پاکستان کے معاشی، سیاسی، دفاعی، زرعی، تعلیمی مسائل پر قوم کی رہنمائی کرتے ہیں اور آرمی چیف کو جو مشورے دیتے ہیں، خارجہ امور پر جو اپنی رائے کا اظہار کرتے  ہیں ، پھر بھی میں اس حق میں بلکل نہیں کے آپ کو پاگل خانے بھیجا جائے۔ 

‏جو وراثت مجھے میرے والدین سے ملی اسکی آدھی بھی میرے پاس نہیں ہے- میں اپنی جائیداد بیچ کر سیاسی اخراجات اٹھاتا ہوں، آپ جس فورم پر چاہیں آپکو  یہ تفصیلات پیش کردوں گا- میری اولاد بھی کسی حکومت کی ملازمت میں نہیں ہے- میرے بچوں میں حافظ قرآن بھی ہیں اور تعلیم یافتہ بھی۔

‏امجد شعیب آپ پر بھی فرض ہے جو وراثت آپ کو اپنے والدین سے ملی، اور جو اب آپکے اور آپ کے بچوں کے پاس ہے، وہ قوم کے سامنے رکھ دیں- میں پریس کانفرنس، تقریر، ٹویٹر اور ویڈیو کے ذریعے قوم کو قائد اعظم کے الفاظ جو میرے سے کئی گنا سخت ہیں سے اگاہ کرتا رہوں گا-